تلنگانہ میں 42 فیصد بی سی تحفظات کی راہ میں بی جے پی اہم رکاوٹ: مہیش کمار گوڑ

   

کے سی آر کو بچانے کویتا کی ڈرامہ بازی، مرکز پر دباؤ بنانے 15 ستمبر کو کاماریڈی میں ریالی اور جلسہ عام
حیدرآباد۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ 42 فیصد بی سی تحفظات کی راہ میں بی جے پی رکاوٹ بن رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے بی سی قائدین کو چیالنج کیا کہ وہ مرکز سے بلز کی منظوری کو یقینی بنائیں۔ مہیش کمار گوڑ نے آج ریاستی وزراء کے ہمراہ 15 ستمبر کو کاماریڈی میں بی سی ڈکلریشن وجئے اتسوم جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی، وی سری ہری، ڈی انوسویا سیتکا، پونم پربھاکر، کونڈا سریکھا، رکن پارلیمنٹ سریش شیٹکر اور دیگر قائدین نے جلسہ گاہ کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر مہیش کمار گوڑ نے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے 15 ستمبر کے جلسہ عام کی کامیابی کے لئے متحرک ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابات سے قبل کاماریڈی میں بی سی ڈکلیریشن جاری کیا تھا جس کے تحت 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا۔ حکومت کی تشکیل کے بعد وعدے کے مطابق تین بلز اسمبلی میں منظور کئے گئے جنہیں گورنر نے مرکز کو روانہ کیا ہے۔ بی سی تحفظات کی راہ میں بی جے پی کو اہم رکاوٹ قرار دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ بنڈی سنجے اور ڈی اروند سے سوال کیا کہ وہ بی سی تحفظات پر خاموش کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے بار بار ہمت اور مردانگی کی بات کرتے ہیں۔ ہمت اور بے باکی کا اظہار زبان سے نہیں بلکہ عمل سے ہونا چاہئے۔ بنڈی سنجے کو مرکز سے تحفظات بل کی منظوری حاصل کرتے ہوئے اپنی ہمت اور بے باکی کا اظہار کرنا چاہئے۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ رکن کونسل کویتا نے کالیشورم پراجکٹ میں بدعنوانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ملوث افراد کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی بات 5 سال قبل کہتیں تو عوام ان پر بھروسہ کرتے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے ذریعہ حاصل کردہ دولت کی تقسیم کے مسئلہ پر کے سی آر خاندان میں تنازعہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت بی آر ایس اقتدار میں تھی اس وقت کویتا نے بدعنوانی اور بے قاعدگیوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو بچانے کے لئے کویتا کے ذریعہ یہ ڈرامہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم تحقیقاتی کمیشن اور سی بی آئی تحقیقات سے بچنے کے لئے کے سی آر نے کویتا کو آگے کردیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ راہول گاندھی ملک کا مستقبل ہیں جنہوں نے سماجی انصاف کے لئے جدوجہد کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے کمار بار بار تلنگانہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ اگر ان میں ہمت ہو تو وہ سیکوریٹی کے بغیر گھوم کر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کاماریڈی جلسہ عام کے انعقاد کا مقصد بی سی تحفظات کے لئے مرکز پر دباؤ بنانا ہے۔ یہ ریالی اور جلسہ عام نریندر مودی اور امیت شاہ کے لئے آئی اوپنر ثابت ہوگا۔ مہیش کمار گوڑ نے بی جے پی پر فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین ووٹ حاصل کرنے کے لئے مندروں کے درشن کررہے ہیں۔ 1