تلنگانہ میں 49 ہزار مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی

   

Ferty9 Clinic

تقررات کیلئے محکمہ فینانس کا اتفاق، کابینی منظوری کیلئے حکومت کو رپورٹ پیش
حیدرآباد۔/4 نومبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں سرکاری ملازمتوں کی مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کا عمل آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے ۔ مختلف محکمہ جات کی جانب سے حاصل کردہ تفصیلات کی بنیاد پر محکمہ فینانس نے مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے۔ ابھی تک ریاست میں 49 ہزار جائیدادیں مخلوعہ ہونے کا علم ہوا ہے۔ محکمہ فینانس نے ایک رپورٹ تیار کرتے ہوئے کابینی منظوری کیلئے حکومت کو پیش کردی ہے۔ مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کیلئے متواتر اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن، ریسیڈنشیل تقررات، پولیس، طبی اور پنچایت راج تقررات اور بورڈس کے حدود میں شامل رہنے والی جائیدادوں کی تعداد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اضلاع، زونس اور ملٹی زونس جائیدادوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ کونسی جائیداد کس زمرہ میں شامل ہوگی اس کی وضاحت ہونے کے بعد احکامات جاری ہوں گے۔ وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے متعلقہ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی اور تقررات کے عمل کا جائزہ لیا ہے۔ دھرانی پورٹل پر عمل آوری کے بعد دیہی ریوینو آفیسر کی خدمات ختم ہوگئی ہیں۔ تقریباً 6 ہزار وی آر اوز کو مختلف شعبوں کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کا حکومت نے پہلے ہی فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کابینہ کا اجلاس منعقد ہونے تک مزید مخلوعہ جائیدادوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ محکمہ فینانس کی رپورٹ کو کابینی منظوری حاصل ہوتے ہی فوری تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ تقررات کیلئے متعلقہ شعبوں کو سرویس قواعد، روسٹر، تحفظات کی مکمل تفصیلات متعلقہ تقرراتی ایجنسی کے حوالے جائیگا۔ اسکے بعد تقرراتی ایجنسیاں مقررہ وقت میں نوٹیفکیشن جاری کرکے تقررات کیلئے درخواستیں طلب کریں گی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تمام جائیدادوں کیلئے ایک ساتھ اعلامیہ جاری کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ن