تلنگانہ میں 499 مسلم طلبہ کو ایم بی بی ایس میں داخلے

,

   

حیدرآباد ۔ 30 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): ڈاکٹر نہ صرف ایک مقدس پیشہ ہے بلکہ خدمت خلق سے سرشار ہے ۔ آج کے دور میں کارپوریٹ سیکٹر نے صحت کو شعبہ پر اس طرح حاوی ہوا کہ ڈاکٹر اپنے پیشہ سے صحیح انصاف نہیں کررہے ہیں ۔ اب جو طالب علم ایم بی بی ایس میں داخلے حاصل کئے ہیں وہ جذبہ کے تحت انسانیت کی خدمت کو ملحوظ رکھیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست نے کل یہاں میڈیا پلس آڈیٹوریم میں نیٹ 2019 کے ذریعہ تلنگانہ کے مختلف میڈیکل کالجس میں داخلے حاصل کئے امیدواروں کے اعزاز میں منعقدہ میرٹ ایوارڈس تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ اور کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ نہ صرف میڈیکل بلکہ دیگر پروفیشنل کورسز میں داخلے کے تناسب میں مسلم امیدواروں کا شاندار ہے اس کی تلقین نئی ریاستیں کرتی ہیں ۔ انہوں نے سیاست کی کونسلنگ سے ہر سال ثمر آور نتائج کے حوالہ سے بتایا کہ نیٹ کے نتائج کے بعد روزانہ بے شمار طلبہ سرپرست رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ذریعہ کونسلنگ داخلے حاصل کرتے ہیں ۔ ڈاکٹر فخر الدین محمد سکریٹری میسکو نے کہا کہ ڈاکٹرس کو اپنی ذمہ داری کیسے نبھانا چاہئے صرف ایم بی بی ایس تک محدود نہیں بلکہ اس کے بعد ایم ڈی ، ایم ایس کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے پی جی انٹرنس کے لیے سال دوم سے واقفیت حاصل کرنے کا مشورہ دیا اور بتلایا کہ ڈاکٹر بننے کے لیے میڈیکل کی پڑھائی سخت محنت سے کرنا ہوگا ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر چیرمین شاہین گروپ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنی تقریر میں کہا کہ شاہین گروپ بیدر میں 16 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔ ابتداء میں جب میڈیسن میں مسلم طلبہ کم تھے تو امتیاز برتا جاتا تھا ۔ اب یہ تعداد بڑھ گئی ۔تو امتیاز خود بہ خود ختم ہوگیا ۔ اس تقریب میں 200 سے زائد لڑکے / لڑکیوں کو میڈل اور توصیف نامے پیش کئے گئے ۔ جناب غوث محی الدین اڈوائزر شاداں گروپ نے اس موقع پر طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ اپنے والدین کی خطیر رقم بی ، سی زمرہ کی بچاتے ہوئے اے زمرہ میں داخلہ حاصل کیے ہیں۔ ڈاکٹر افتخار نے مسلم میڈیسن طلبہ کو اعلیٰ عصری تعلیم سے آراستہ ہونے کے ساتھ ساتھ دینی علوم سے واقف ہونے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے میسکو ’ الف ‘ پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ مسٹر ایم اے حمید کیرئیر کونسلر سیاست نے بتایا کہ تلنگانہ سے اس سال 761 مسلم طلبہ نے ایم بی بی ایس میں داخلے حاصل کیا جن میں 499 اے زمرہ کی فری سیٹ پر داخلہ پایا جو خوش آئند بات ہے ۔ سیاست کونسلنگ کے موثر نتائج برآمد ہوئے ۔ جناب اعجاز احمد ڈائرکٹر شاہین گروپ تلنگانہ نے پروگرام کے انعقاد میں بھر پور اشتراک کیا ۔ مسٹر منظور احمد ، احمد بشیر الدین فاروقی ، خواجہ علی ، شعیب شاہ ، انعام الحق قادری ، طاہر قادری نے معاونیت کی ۔ فاضل حسین پرویز ، شہباز نے موثر نظم کیا ۔ آخر میں اعجاز احمد نے شکریہ ادا کیا ۔ جناب خالد کی قرات سے آغاز ہوا ۔۔