تلنگانہ میں 5 کے ماسوا تمام بلدی کونسلوں کی معیاد مکمل

   

Ferty9 Clinic

حکومت کی جانب سے اسپیشل آفیسرس کے تقرر کے اقدامات ۔ دو دن میں تقررات کا امکان

حیدرآباد 2 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بلدیہ کونسلوں کی میعاد آج مکمل ہوگئی جس کی وجہ سے بلدی کونسلوں میں اسپیشل آفیسروں کے تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں کمشنر و ڈائرکٹر بلدی نظم و نسق کی جانب سے اسپیشل آفیسرس کے تقررات عمل میں لانے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ توقع ہے کہ اسپیشل آفیسرس کے تقرر کا عمل آئندہ ایک دو دن میں مکمل کرلیا جائیا اوریہ آفیسرس جلد جائزہ حاصل کرلیں ے ۔ سرکاری ذرائع نے کہاکہ بلدیات کیلئے پانچ سال قبل 2 جولائی 2014 ء کو بلدی کونسلوں کے صدورنشین نے اپنے عہدوں کا جائزہ حاصل کیا تھا اور پانچ سالہ میعاد آج 2 جولائی 2019 ء کو مکمل کرکے سبکدوش ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف بلدیات کیلئے آر ڈی او رتبہ کے حامل اور سب کلکٹرس کو اور گریڈ I بلدیات و کارپوریشنس کیلئے ضلع کلکٹروں اور دیگر آئی اے ایس عہدیداروں کو اسپیشل آفیسر تعینات کیا جائیگا۔ تلنگانہ میں گزشتہ عرصہ کے دوران 73 بلدیات کے منجملہ ماسوا 5 دیگر تمام بلدیات پر اسپیشل آفیسرس کا تقرر عمل میں لایا جائے گا۔ جبکہ حالیہ عرصہ میں ریاست کی نئے بلدیات کیلئے دو آفیسرس فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کو ہی اسپیشل آفیسرس مقرر کیا جائے گا۔

بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے علاوہ مزید تین بلدیات کے ماسواء دیگر تمام بلدی کونسلوں کی پانچ سالہ میعاد مکمل ہوگئی۔ جی ایچ ایم سی کیلئے دیڑھ سال، ورنگل و کھمم میونسپل کارپوریشنوں کیلئے دو سال اور اچم پیٹ و سدی پیٹ کیلئے زایداز دیڑھ سال باقی ہے۔ ان کے ماسواء دیگر 68 میونسپل کونسلوں کی میعاد مکمل ہوجانے کے نتیجہ میں اسپیشل آفیسرس کی تعیناتی عمل میں لائی جائیگی۔ جن کونسلوں کیلئے اسپیشل آفیسرس کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی وہاں پر میونسپل کمشنرس ہی فرائض انجام دیں گے۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں یوں تو میعاد مکمل کرنے والی بلدیات اور نئی بلدیات کیلئے انتخابات منعقد کرنے حکومت سے اقدامات کا آغاز تو کردیا گیا ہے اور ان کے حصہ کے طور پر 138 بلدیات کیلئے وارڈوں کی تقسیم کے عمل کو بھی مکمل کرلیا گیا اور وارڈس کی تقسیم کے مسودہ کو منظوری کے حصول کیلئے حکومت کو پیش کیا گیا ۔ ان وارڈس سے متعلق اعتراضات بھی 2 تا 5 جولائی طلب کئے گئے اور 6 جولائی کو وارڈس کو قطعی شکل دے دی جائیگی جبکہ 7 جولائی کو وارڈس اور انتخابی فہرست کا اعلان کردیا جائیگا ۔ وارڈس کی تقسیم اور فہرست رائے دہندگان کو قطعیت کے بعد 14 جولائی سے قبل تحفظات کو قطعیت دی جائے گی۔