تلنگانہ میں 50 لاکھ سے زائد خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی: بھٹی وکرمارکا

   

برقی طلب میں ا ضافہ کے باوجود موثر سربراہی ، کھمم میں ترقیاتی کاموں اور برقی ایمبولنس سرویس کا افتتاح
حیدرآباد ۔ 18۔ جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ مفت برقی سربراہی پر حکومت سالانہ 13992 کروڑ خرچ کر رہی ہے جس میں زرعی شعبہ کے علاوہ غریب خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی شامل ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے آج کھمم ضلع میں وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے ہمراہ کئی ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا۔ انہوں نے الیکٹرک ایمبولنس کا افتتاح انجام دیا۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ برقی شعبہ میں اصلاحات کے ذریعہ سربراہی کو بہتر بنایا گیا ہے۔ برقی طلب میں ہر سال اضافہ کے باوجود حکومت نے ہرشعبہ کو موثر سربراہی کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہردور میں برقی سربراہی کے معاملہ میں نمایاں کارکردگی ثابت کی ہے ۔ کانگریس کا دوسرا نام برقی اور برقی کا دوسرا نام کانگریس بن چکا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے 1912 الیکٹریسٹی ایمبولنس خدمات کے علاوہ برقی ملازمین کیلئے ہیلتھ کیمپ کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں تلنگانہ میں برقی پراجکٹس کی تکمیل کی گئی ہے۔ کتہ گڈم تھرمل پاور اسٹیشن کے تمام 7 مراحل کانگریس دور حکومت میں مکمل کئے گئے ۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں ایک یونٹ برقی کا اضافہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی پراجکٹ مکمل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برقی شعبہ کی کارکرگی بہتر بنانے پر بی آر ایس حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس حکومت نے ایک سال کے دوران برقی طلب میں اضافہ کے مطابق موثر برقی سربراہی کو یقینی بنایا ہے ۔ مارچ 2023 میں بی آر ایس دور حکومت میں برقی کی طلب 15000 میگاواٹ تھی جو مارچ 2025 میں بڑھ کر 17162 میگاواٹ ہوچکی ہے۔ ایک سال میں 2000 میگاواٹ برقی کی طلب میں اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ برقی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ۔ مرکزی حکومت کی رپورٹ کے مطابق 2029-30 تک تلنگانہ کو 26299 میگاواٹ برقی کی ضرورت ہوگی جبکہ 2034-35 تک برقی طلب میں 33773 میگاواٹ کا اضافہ ہوگا ۔ حکومت نے گرین اینرجی پالیسی 2025 متعارف کی ہے جس کے تحت ایک لاکھ کروڑ کے معاہدات کئے گئے ۔ 2029-30 تک حکومت گرین انرجی کے تحت 20,000 میگاواٹ برقی تیاری کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 29000 اگریکلچرل پمپ سیٹس کو مفت برقی سربراہی کی جارہی ہے جس سے سرکاری خزانہ پر سالانہ 11,500 کروڑ کا خرچ آرہا ہے۔ 50 لاکھ سے زائد خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے جس کے لئے برقی اداروں کو 2293 کروڑ جاری کئے گئے ۔ 29018 سرکاری تعلیمی اداروں کو مفت برقی کی سربراہی کیلئے 198 کروڑ ادا کئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ 1912 الیکٹریسٹی ایمبولنس خدمات کے علاوہ 108 میڈیکل ایمرجنسی خدمات کو بہتر بنایا گیا ہے۔ عوام برقی سے متعلق کسی بھی شکایت کے لئے 1912 ڈائل کرسکتے ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے برقی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی حکومت قائم ہے جو غریبوں کی بھلائی پر توجہ مرکوز کرچکی ہے۔ 1