تلنگانہ میں 5240 ایم بی بی ایس نشستیں

   

Ferty9 Clinic

سرکاری کالجس میں 1790 ‘خانگی کالجس میں 3450 سیٹس
حیدرآباد ۔ 24 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سرکاری و خانگی 34 میڈیکل کالجس میں جملہ 5,240 ایم بی بی ایس نشستیں ہیں۔ ان میں 11 سرکاری میڈیکل کالجس میں 1790 اور 23 خانگی میڈیکل کالجس میں 3450 نشستیں ہیں۔ محکمہ صحت و خاندانی بہبود نے بتایا کہ سرکاری میڈیکل کالجس کی جملہ نشستوں میں 15 فیصد یعنی 268 ایم بی بی ایس نشستیں آل انڈیا کوٹہ میں شامل ہوتی ہیں۔ تمام ریاستوں سے 2021-22ء کیلئے آل انڈیا کوٹہ میں جملہ 6515 ایم بی بی ایس نشستیں شامل ہونگی ۔ اس سلسلہ میں مرکزی محکمہ صحت نے تفصیلات پیش کرکے بتایا کہ ملک بھر میں 558 سرکاری و خانگی میڈیکل کالجس میں جملہ 83275 ایم بی بی ایس کی نشستیں ہیں جس میں سرکاری 289 میڈیکل کالجس میں 43435 نشستیں ہیں۔ 269 خانگی میڈیکل کالجس میں 39840 ایم بی بی ایس کی نشستیں ہیں۔ ان تمام نشستوں کو نیٹ کے محصلہ مارکس کی بنیاد پر پر کیاجاتا ہے۔ آل انڈیا کوٹہ میں دو مرتبہ کونسلنگ کے بعد اباقی نشستوں کو متعلقہ ریاستوں کو لوٹادیا جاتا ہے ۔ ملک بھر کے تمام سرکاری و خانگی میڈیکل کالجس میں جملہ 42720 پی جی میڈیکل نشستیں دستیاب ہیں۔ مرکزی محکمہ صحت و خاندانی بہبود نے بتایا کہ تلنگانہ میں سرکاری و خانگی میڈیکل کالجس میں جملہ 2237 پی جی نشستیں ہیں جن میں سرکاری کالجس میں 1053 اور خانگی کالجس میں 1184 نشستیں ہیں۔ جلد ہونے والے نیٹ کے مارکس کی بنیاد پر نشستیں الاٹ کی جائینگی۔