چند امیدوار دو یا اس سے زیادہ جائیدادوں کے لیے منتخب ، چند جائیدادوں کے لیے امیدوار دستیاب نہیں
حیدرآباد ۔ 12 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست میں حکومت کی جانب سے سرکاری جائیدادوں پر بڑے پیمانے پر تقررات کیے جارہے ہیں ۔ مختلف محکمہ جات اور ریکروٹمنٹ اداروں کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے ایک سال کے دوران 55 ہزار سے زیادہ ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ مزید جائیدادوں پر تقررات کا عمل جاری ہے ۔ حکومت کی جانب سے ایک طرف تقررات کیے جارہے ہیں دوسری طرف مخلوعہ ہونے والی جائیدادوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ امیدوار ایک سے زیادہ جائیدادوں کے لیے مسابقتی امتحانات تحریر کرتے ہوئے کوئی دو یا اس زیادہ جائیدادوں کے لیے منتخب ہورہے ہیں اور تقرر نامہ بھی حاصل کررہے ہیں ۔ بعد ازاں چھوٹی ملازمتیں چھوڑ کر بڑے کیڈر کی ملازمتوں کا انتخاب کرنے سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ گذشتہ ایک سال کے دوران حکومت کی جانب سے کیے گئے تقررات میں تقریبا 20 فیصد جائیدادیں انہی وجوہات سے مخلوعہ ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ ایک سال کے دوران 55 ہزار سے زیادہ سرکاری ملازمتوں پر تقررات کرنے کا حکومت نے اعلان کیا ہے ۔ گروپ 4 جائیدادوں پر تقرر نامے حوالے کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ باقی زمروں میں تقررات کا عمل تقریبا مکمل ہوگیا ہے ۔ سب سے زیادہ محکمہ پولیس میں کانسٹبلس اور ایس آئی زمرے میں 16,067 جائیدادوں پر تقررات کیے گئے ۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے تقریبا 12 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیے گئے ۔ محکمہ تعلیم میں 11 ہزار سے زیادہ جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ۔ ریسیڈنشیل اسکولس میں 8304 جائیدادوں پر تقررات کیے گئے ۔ محکمہ صحت میں تقریبا 7 ہزار سے زیادہ جائیدادوں پر تقررات کیے گئے ۔ اس کے علاوہ سنگارینی کے علاوہ دوسرے محکمہ جات اور اداروں میں چند جائیدادوں پر تقررات کیے گئے ۔ ان میں 10 ہزار جائیدادیں دوبارہ مخلوعہ ہوجانے کی اطلاع ہے ۔ اس پر مختلف گوشوں سے تنقیدیں بھی ہورہی ہیں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ریکروٹمنٹ اداروں میں تال میل کا فقدان ہے ۔ اس کے علاوہ پہلے بڑے کیڈر کی جائیدادوں پر تقررات کرنے سے اس طرح کی صورتحال پیدا ہونہ ہونے کی رائے پیش کی جارہی ہے ۔ مثال کے طور پر پہلے گروپ I جائیدادوں پر تقررات کرنے کے بعد گروپ II ، گروپ III اور گروپ 4 کی جائیدادوں پر تقررات کیا جانا تھا ۔ تاہم تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے پہلے گروپ 4 کی جائیدادوں کے نتائج کا اعلان کیا ۔ اس کے بعد گروپ I ، گروپ II اور گروپ III کی جائیدادوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا ۔ اس طرح گورنمنٹ ریسیڈنشیل تعلیمی اداروں میں 8304 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے جس میں 2 ہزار جائیدادیں مخلوعہ رہ گئیں ۔ سرکاری اسکولس کے ٹیچرس کے تقررات میں ایس جی ٹی اور اسکول اسسٹنٹس کے نتائج بھی ایک ساتھ جاری کئے گئے جس کی وجہ سے ایک ہزار سے زیادہ جائیدادیں مخلوعہ رہ گئیں ۔ محکمہ پولیس میں 2,500 جائیدادیں مخلوعہ رہنے کی اطلاعات ہیں ۔ بعض موقعوں پر امیدواروں کی عدم دستیابی سے بھی جائیدادیں مخلوعہ رہ گئیں ۔۔ 2