صحت عامہ سے متعلق شعور بیداری کو ترجیح
حیدرآباد۔ 5 اپریل (سیاست نیوز) حکومت کے 99 روزہ پرجاپالنا پرگتی پرانالیکا پروگرام کے تحت 6 تا 11 اپریل ریاست بھر میں ہیلت ویک کا اہتمام کیا جائے گا۔ ایک ہفتہ پر مشتمل اس پروگرام کے تحت سرکاری سطح پر بہتر طبی خدمات کے سلسلہ میں عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ بیماریوں سے بچاؤ کے لئے صحت و صفائی کی شعور بیداری مہم چلائی جائے گی۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایک ہفتہ طویل پروگراموں کا جائزہ لیا۔ 6 اپریل کو فوڈ سیفٹی فوکس ڈے منایا جائے گا جبکہ 7 اپریل کو عالمی یوم صحت کے تحت وزیر صحت نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس میں کینسر کے علاج کی سہولتوں کا آغاز کریں گے۔ وزیر صحت کی جانب سے 871 اسسٹنٹ پروفیسرس اور سیول اسسٹنٹ سرجنس کو احکامات تقرر حوالے کئے جائیں گے۔ ایرہ گڈہ کے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ہیلت میں سنٹر آف ایکسلینس عمارت کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ 8 اپریل کو ماؤں کی صحت سے متعلق شعور بیداری پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ محکمہ صحت نے ایک ہفتہ طویل پروگراموں کو قطعیت دی ہے جس کے تحت ہومیوپیتھی اور آیورویدا کے استعمال کے بارے میں بھی عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایک ہفتہ طویل پروگرام کی کامیابی کے لئے ہر ضلع میں مساعی کریں۔ 1/F/K