تلنگانہ میں 69 لاکھ شناختی کارڈ آدھار سے مربوط کئے گئے

   


مختلف محکمہ جات کے ذریعہ خصوصی مہم ، چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کا عہدیداروں سے ربط
حیدرآباد ۔8 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے بتایا کہ تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان 2023 پر نظر ثانی کا کام جاری ہے۔ آنگن واڑی اور سیلف ہیلپ گروپس کو اس کام میں مشغول کیا گیا ہے اور تاحال 69 لاکھ رائے دہندوں میں ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کیا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے رائے دہندوں میں شعور بیداری کے لئے خصوصی مہم شروع کی ہے۔ تمام ضلع کلکٹرس، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس ، کمشنر جی ایچ ایم سی ، ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر حیدرآباد اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں مختلف محکمہ جات کے تعاون سے شعور بیداری مہم چلائیں تاکہ عوام رضاکارانہ طور پر ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کریں۔ وکاس راج نے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ محکمہ جات پنچایت رورل ڈیولپمنٹ ، بلدی نظم و نسق ، محمودی خواتین و اطفال اور ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر کو اس خصوصی مہم میں شامل کریں۔ ولیج آرگنائزیشن اسسٹنٹس سے کہا گیا ہے کہ سیلف ہیلپ گروپس کی مدد سے ووٹر شناختی کارڈس کو آدھار سے مربوط کرنے کیلئے فارم 68 کا استعمال کریں۔ پنچایت راج ڈپارٹمنٹ کے سکریٹریز کی جانب سے خصوصی گرام سبھا منعقد کرتے ہوئے رائے دہندوں کو آدھار سے مربوط کرنے کی اہمیت سے واقف کرایا جارہا ہے ۔ سیلف ہیلپ گروپ کے ڈسٹرکٹ نوڈل آفیسر کو شعور بیداری سے متعلق میٹریل فراہم کیا گیا جس میں پوسٹرس شامل ہیں تاکہ رائے دہندوں کو آدھار سے مربوط کرنے کی اہمیت و افادیت سے واقف کرایا جائے ۔ 12 تا 16 ستمبر آنگن واڑی ٹیچرس اور ورکرس خواتین میں خصوصی مہم چلائیں گے اور خواتین کی مکمل رہنمائی کی جائے گی۔ر