تلنگانہ میں 7سال میں 152 انڈسٹریل پارکس کا قیام

   

حیدرآباد ۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن (TSIIC) کے چیرمین جی بالاملو نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں گذشتہ سات سال کے دوران 28,000 ایکرس پر 152 انڈسٹریل پارکس بنائے گئے۔ صنعت اور صنعتی سرگرمیاں جو ماضی میں حیدرآباد تک محدود ہوا کرتی تھیں اب ریاست کے مختلف مقامات پر پھیل رہی ہیں۔ حکومت انہیں وسعت دے رہی ہے۔ اس پہل کے تحت ہر ضلع میں 15 ایکر سے 2500 ایکر رقبہ کے رینج میں انڈسٹریل پارکس اور فوڈ پارکس قائم کئے جارہے ہیں۔ اس کارپوریشن کے چیرمین نے وی سی اینڈ ایم ڈی وینکٹ نرسمہاریڈی کے ہمراہ جمعہ کو ٹی ایس آئی آئی سی 2022ء ڈائری جاری کی۔ چیرمین نے کہا کہ کارپوریشن نے ریاست بھر میں 145 لاکھ ایکرس سے زائد اراضی کی نشاندہی کی ہے جو استعمال نہیں کی جارہی تھی۔ ان اراضیات کو کارپوریشن کے لینڈ بینک کے طور پر مینٹن کیا جارہا ہے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ انہیں انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق بنایا جارہا ہے اور نئے انڈسٹریل پارکس قائم کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کی جانب سے عوامی۔ خانگی شراکت میں میگا انڈسٹریل پارکس کو فروغ دیا جارہا ہے۔ ظہیرآباد میں فارماسٹی، این آئی ایم زیڈ اور کاکتیہ میگا ٹکسٹائل پارک کی اس زمرہ میں درجہ بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاحال ریاست میں مختلف انڈسٹریل پارکس میں 3,197 یونٹس میں 33,447 کروڑ روپئے سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی۔