قومی سطح پر توسیع کیلئے کے سی آر کی وزیر اعظم کو تجویز
رمضان میں تحدیدات جاری رکھنے عہدیداروں کا مشورہ
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز)کورونا لاک ڈاؤن کو تلنگانہ میں مزید جاری رکھنے کے بارے میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سنجیدہ ہیں اور انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا کہ 3مئی کے بعد بھی لاک ڈاؤن کو جاری رکھیں تاکہ کورونا وائرس کا مکمل صفایا کیا جاسکے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر تلنگانہ میں 7 مئی کے بعد بھی لاک ڈاؤن کو توسیع دینے کا فیصلہ کرچکے ہیں کیونکہ مختلف گوشوں سے رپورٹس موصول ہورہی ہیں کہ مئی اور جون میں وائرس شدت اختیار کرسکتا ہے۔ تلنگانہ میں فی الوقت کورونا متاثرین کی تعداد میں قابل لحاظ کمی واقع ہوئی ہے اور روزانہ کے کیسس کم ہوچکے ہیں لیکن مئی اور جون میں کیسس میں شدت کی اطلاعات پر چیف منسٹر کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتے لہذا وہ مرکز سے بھی خواہش کررہے ہیں کہ 3 مئی کے بعد لاک ڈاؤن میں توسیع دیں۔ ذرائع کے مطابق سماجی فاصلہ کی برقراری اور عوام کی آمدورفت پر تحدیدات کو حکومت لازمی تصور کرتی ہے۔ اگر رمضان المبارک میں لاک ڈاؤن میں نرمی دی گئی یا اسے ختم کیا گیا تو پھر اندیشہ ہے کہ بازاروں میں سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں افراد خرید و فروخت کیلئے امڈ پڑیں گے۔ رمضان کے پیش نظر بھی عہدیدار حکومت کو لاک ڈاؤن جاری رکھنے کی صلاح دے رہے ہیں تاکہ سماجی دوری کی برقراری میں مدد ملے۔ عام طور پر رمضان المبارک میں بازاروں میں کافی ہجوم ہوتا ہے ایسے وقت جبکہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے حکومت لاک ڈاؤن میں نرمی کے ذریعہ کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتی۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی 3 مئی کے بعد لاک ڈاؤن میں توسیع کا اشارہ دیا ہے۔ ریاستی کابینہ کا اجلاس 5 مئی کو طلب کیا گیا ہے جس میں لاک ڈاؤن میں توسیع سے متعلق قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔