چیف منسٹر کی سالگرہ یا اسمبلی سیشن سے قبل نوٹیفیکیشن کی اجرائی کا امکان ۔ بیروزگاری بھتہ بھی زیرغور
حیدرآباد ۔ /15 فبروری (سیاست نیوز) ریاست کے مختلف محکمہ جات میں 70 تا 75 ہزار ملاز متیں مخلوعہ ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ حکومت کی جانب سے نامزد کردہ چار رکنی آئی اے ایس کمیٹی نے مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں کا جائزہ لیا ہے ۔ جس میں 70 تا 75 ہزار جائیدادیں مخلوعہ ہونے کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چار رکنی کمیٹی نے اس کی تفصیلات حکومت کو پیش کردی ہے ۔ تمام رکاوٹیں ختم ہونے کے بعد اس کی قطعی رپورٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان مخلوعہ جائیدادوں میں محکمہ جاتی ، مالیاتی ، قانونی کشاکش سے پاک جائیدادوں کی نشاندہی کرتے ہوئے عنقریب تقررات کیلئے نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ آئندہ ایک ماہ کے دوران اسمبلی کا بجٹ سیشن منعقد ہونے والا ہے ۔ اُس سے قبل کم از کم ایک نوٹیفیکیشن جاری کرنے پر حکومت سنجیدگی سے کوشش کررہی ہے ۔ ساتھ ہی /17 فبروری کو چیف منسٹر کے سی آر کی سالگرہ تقریب ہے اس دن بھی نوٹیفیکیشن جاری ہونے کی قیاس آرائیاں جاری ہیں ۔ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات سے ہونے والے اضافی مالی بوجھ کو کنٹرول کرنے کیلئے بجٹ میں گنجائش فراہم کرنے پر بھی سنجیدہ غور کیا جارہا ہے ۔ اگر چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر نوٹیفیکیشن کی اجرائی نہ ہوسکے تو اسمبلی سیشن سے قبل جاری کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔ چھ ماہ قبل چیف منسٹر کے سی آر نے گزشتہ سال 13 جولائی کو کابینہ اجلاس میں مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات پیش کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی تھی ۔ جس پر عہدیداروں نے ریاست میں 56,979 جائیدادیں مخلوعہ ہونے کی چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کی تھی ۔ تاہم اس پر کابینہ اجلاس میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ مزید جائزہ لینے اور جاب کیلنڈر تیار کرنے کی کابینہ اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی جس کے بعد 67,128 جائیدادیں مخلوعہ ہونے کی نشاندہی کی گئی ۔ ان حالت میں حکومت نے گزشتہ ماہ جنوری کو چار آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ۔