کورونا بحران کے باوجود 88.41 فیصد ٹیکس کی وصولی پر محکمہ بلدی نظم و نسق مطمئن
حیدرآباد : تلنگانہ میں کورونا بحران کے باوجود ریاست کے 141 میونسپلٹیز اور کارپوریشنس میں 710 کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس وصول ہوا ہے۔ جاریہ سال 803 کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس وصول کرنے کا نشانہ تیار کیا گیا تھا لیکن مالیاتی سال کے اختتام تک 88.41 فیصد جائیداد ٹیکس وصول ہوا ہے ۔کورونا وبا کے دوران جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کیلئے ویب سائیٹس کو بند کردیا گیا تھا، باوجود اس کے 88.41 فیصد جائیداد ٹیکس وصول ہونے پر محکمہ بلدی نظم و نسق نے اطمینان کا اظہار کیا۔ جاریہ سال جائیداد ٹیکس کے علاوہ دوسرے ٹیکس کی وصولی کیلئے حکومت نے خصوصی اقدامات کئے۔ مالکین کو ٹیکس کی ادائیگی کیلئے فون پے، گوگل پے بشمول واٹس اپ کے علاوہ دوسری سہولتیں فراہم کی۔ مالیاتی سال 2020-21ء کے آغاز کے ساتھ ہی کورونا وبا، لاک ڈاؤن کے نفاذ کی وجہ سے لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوگئے۔ دوکانات بند رہے۔ بڑے پیمانے پر کرائے کے گھر خالی ہوگئے۔ اتنے سنگین صورتحال کے باوجود مختص کردہ نشانہ کو حاصل کرنے میں عہدیدار بڑی حد تک کامیاب رہے۔ حکومت نے ٹیکس کی وصولی کیلئے اسپیشل آفیسرس کو نامزد کیا ٹیکس بقایا جات کی وصولی کیلئے مالکین کو ایس ایم ایس کیا گیا۔ سرکاری دفاتر کے بقایہ جات پر کلکٹرس سے اجلاس طلب کیا گیا۔ ٹاپ 500 بقایا جات رہنے والے مالکین کی تفصیلات پیش کی گئی۔ عرصہ دراز سے ٹیکس باقی رکھنے والے ٹیکس دہندوں سے کمشنرس نے اجلاس طلب کیا۔ 90 فیصد سود معاف کرتے ہوئے یکمشت ادائیگی اسکیم پر عمل کیا گیا۔