تلنگانہ میں 72 اسمبلی نشستوں پر کامیابی کا نشانہ

   

مانکیم ٹیگور نے کانگریس کارکنوں کو 20 ماہ جدوجہد کا مشورہ دیا
حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے پارٹی کیڈر کو 20 ماہ کی جدوجہد کے ذریعہ تلنگانہ میں اسمبلی کی 72 نشستوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ مانکیم ٹیگور نے یوتھ کانگریس کی ریاستی عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ کانگریس قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی کے برسراقتدار آنے کیلئے ابھی سے متحرک ہوجائیں۔ انتخابات کیلئے 20 ماہ کا وقت باقی ہے اور اس مدت میں کانگریس کارکنوں کو گھر گھر پہنچ کر پارٹی کے استحکام کی مہم چلانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے سی آر حکومت سے بیزار ہیں کیونکہ گزشتہ سات برسوں میں ایک بھی انتخابی وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی۔ چیف منسٹر کو صرف الیکشن کے وقت ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا خیال آتا ہے۔ ضمنی انتخابات کے موقع پر اسمبلی حلقہ جات کیلئے ہزاروں کروڑ کی اسکیمات کا اعلان کیا جاتا ہے اور کامیابی کے بعد یہ اعلانات ادھورے رہ جاتے ہیں۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ 72 نشستوں پر کامیابی کے نشانہ کے ساتھ ہمیں آئندہ بیس ماہ تک عوام کے درمیان رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ یوتھ کانگریس قائدین کیلئے پارٹی میں بہتر مواقع موجود ہیں۔ کئی اے آئی سی سی قائدین یوتھ کانگریس سے اس عہدہ تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو قائدین محنت کریں گے انہیں پارٹی ٹکٹ بھی دیا جائے گا۔ مانکیم ٹیگور نے قائدین سے کہا کہ وہ پارٹی ٹکٹ سے زیادہ پارٹی کو برسراقتدار لانے کے مقصد سے متحرک ہوجائیں۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور 72 نشستوں پر کامیابی یقینی ہے۔R