29 اپریل تا 19 جون تک امتحانات منعقد ہوں گے، تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل کا اعلان
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل نے ریاست میں منعقد ہونے والے 8 مختلف داخلہ امتحانات کی تاریخوں کو حتمی شکل دیتے ہوئے (2025) امتحانات کا شیڈول جاری کردیا۔ صدرنشین تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل پروفیسر بالکشٹا ریڈی نے امتحانات کی مکمل تفصیلات کونسی یونیورسٹی کونسا امتحان کا انعقاد کرے گی اور کنوینرس کون ہوں گے، اس کا بھی اعلان کردیا ہے ۔ 29 اپریل سے 19 جون تک تمام امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا جو کمپیوٹر بیسڈ ٹسٹ (سی بی ٹی) فارمیٹ میں منعقد کئے جائیں گے۔ ای اے پی سیٹ امتحان 29 اپریل تا 5 مئی منعقد کئے جائیں گے۔ 29 اور 30 اپریل کو اگریکلچر ، فارمیسی، 2 تا 5 مئی انجنیئرنگ داخلوں کیلئے (TG EAPCET-2025) کا انعقاد کیاجائے گا۔ جے این ٹی یو اس امتحان کا انعقاد کرے گی ۔ پروفیسر بی ڈین کمار کنوینر ہوں گے ۔ ڈپلوما کے طلبہ کو انجنیئرنگ اور فارما کورسیس میں دوسرے سال کے داخلوں کیلئے 12 مئی کو ای سیٹ امتحان کا انعقاد کیا جائے گا ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے انعقاد کئے جانے والے اس امتحان کے کنوینر عثمانیہ یونیورسٹی انجنیئرنگ کالج کے پرنسپل پروفیسر چندر شیکھر ہوں گے ۔ بی ای ڈی داخلوں کیلئے یکم جون کو ایڈسیٹ کا انعقاد کیا جائے گا ۔ کاکتیہ یونیورسٹی کی جانب سے امتحان کا انعقاد کیا جائے گا ۔ بی وینکٹ رام ریڈی اس امتحان کے کنوینر ہوں گے ۔ ا یل ایل بی داخلوں کیلئے لا سیٹ ، ایل ایل ایم کیلئے پی جی ایل سیٹ 6 جون کوعثمانیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہوں گے جس کی کنوینر پروفیسر بی وجئے لکشمی ہوں گی۔ ایم بی اے اور ایم سی اے داخلوں کیلئے 8 اور9جون کو آئی سیٹ کا انعقاد کیا جائے گا ۔ مہاتما گاندھی یونیورسٹی اس امتحان کا انعقاد کرے گی ۔ پروفیسر اے روی اس کے کنوینر ہوں گے ۔ ایم ٹیک، ایم فارمیسی کورسس کیلئے 16 تا 19 جون جے ا ین ٹی یو پی جی ای سیٹ منعقد کرے گی۔ زرعی تعلیم کے کورسس کیلئے 11 تا 14 جون پی ای سیٹ منعقد ہوگا۔