تلنگانہ میں 8 نئے سرکاری ہاسپٹلس تعمیر کرنے کی منظوری

   

360 کروڑ روپئے کے مصارف ، مرکزی حکومت 60 فیصد تلنگانہ حکومت 40 فیصد اخراجات برداشت کریں گے
حیدرآباد ۔ 10 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ حکومت نے ریاست میں 8 نئے گورنمنٹ ہاسپٹلس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ۔ مختلف مقامات پر موجود ہاسپٹلس کی قدیم عمارتوں کی جگہ ہی نئی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں ۔ ایک ہاسپٹل کی تعمیر پر 45 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے اور سال 2023 تک تعمیرات مکمل ہوجائیں گی ۔ حکومت نے گدوال ، نارائن پیٹ ، آصف آباد ، جئے شنکر بھوپال پلی ، ملگو ، نرمل ، سرسلہ اور نرسم پیٹ میں نئے ہاسپٹلس تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ حکومت کے فیصلے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے کاموں کے آغاز کے لیے مشاورت کا آغاز کردیا ہے ۔ ان نئے ہاسپٹلس کی تعمیرات پر جملہ 360 کروڑ روپئے کے اخراجات ہوں گے ۔ نیشنل ہیلت مشین ( این ایچ ایم ) کے تحت 60 فیصد فنڈز جاری ہوں گے ۔ 40 فیصد مصارف تلنگانہ حکومت برداشت کرے گی ۔ ان نئے ہاسپٹلس کی تعمیرات سے متعلقہ ضلع ہیڈکوارٹرس کے ہاسپٹلس میں اسپیشلسٹ ڈاکٹرس کی خدمات میں بھی اضافہ ہوگا ۔ ہر ایک نئے ہاسپٹلس میں 250 تا 300 بیڈس دستیاب ہوں گے ۔ اس کے علاوہ محبوب نگر ، سدی پیٹ ، نلگنڈہ ، سوریہ پیٹ کے موجودہ ہاسپٹلس کی جگہ 1000 بیڈس پر مشتمل عصری ٹیچنگ ہاسپٹلس تعمیر کرنے کی بھی ریاستی حکومت نے منظوری دی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ محبوب نگر میں نئے ہاسپٹل کی تعمیر کے لیے ضرورت کے مطابق اراضی حاصل کرنے کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے ۔۔ ن