تلنگانہ میں 8 نئے میڈیکل کالجس کی منظوری کا انتظار

   

نیشنل میڈیکل کمیشن کو ریاستی حکومت کا مکتوب، ایم بی بی ایس کونسلنگ کیلئے 20 دن باقی
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) ایسے وقت جبکہ تلنگانہ میں ایم بی بی ایس کونسلنگ کے لئے صرف 20 دن باقی ہیں، تلنگانہ حکومت کو نیشنل میڈیکل کمیشن سے 8 میڈیکل کالجس کی منظوری کا انتظار ہے۔ نیشنل میڈیکل کمیشن نے تلنگانہ میں نئے میڈیکل کالجس کی منظوری کے لئے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا جس کے نتیجہ میں کونسلنگ کے دوران طلبہ اور عہدیداروں کو اُلجھن کا سامنا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے اِس سلسلہ میں نیشنل میڈیکل کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے۔ نئے میڈیکل کالجس گدوال، ورنگل، بھونگیر، میڑچل، نارائن پیٹ، ملگ، میدک اور رنگاریڈی میں قائم کرنے کی تجویز ہے اور اِس سلسلہ میں گزشتہ سال اگسٹ اور ستمبر کے دوران درخواستیں روانہ کی گئی تھیں۔ کالجس کی منظوری کی صورت میں مزید 400 ایم بی بی ایس نشستوں میں اضافہ ہوسکتا ہے اور ہر کالج کے لئے 50 نشستیں پہلے مرحلہ میں منظور کی جاتی ہیں۔ ریاست میں جملہ 28 سرکاری اور 28 خانگی میڈیکل کالجس ہیں۔ سرکاری کالجس میں نشستوں کی تعداد 3915 ہے جبکہ خانگی کالجس میں 4600 نشستیں ہیں۔ 1