جاپانی میئر کی سریدھر بابو سے ملاقات، مختلف شعبہ جات میں جاپان سے مفاہمت
حیدرآباد 4 جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہاکہ جاپان کے کیتا کیشو شہر سے متاثر ہوکر تلنگانہ میں 80 ایکر اراضی پر ایکو ٹاؤن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کیتا کیشو شہر کے میئر کازوہیسا تاکیچی کی موجودگی میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ’’کیتا کیشو شہر سے تلنگانہ تک‘‘ عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاست میں سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے حکومت کے اقدامات کا حوالہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ایکو ٹاؤن کی ترقی کے لئے تلنگانہ اور کیتا کیشو شہر کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری نے جاپان کے اداروں سے اشتراک کی مساعی کی ہے۔ سریدھر بابو نے کہاکہ ریونت ریڈی کی دور اندیش قیادت میں تلنگانہ کی ترقی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ رائزنگ تلنگانہ 2047 کے تحت ریاست کو ہر شعبہ میں ملک کے لئے مثالی بنایا جائے گا۔ گزشتہ 18 ماہ میں تلنگانہ میں 3 لاکھ کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری کے معاہدات طے کئے گئے اور کئی عالمی اداروں نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ مائیکرو سافٹ امیزان اور دیگر عالمی اداروں نے حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جاپان کے مختلف اداروں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے۔ تلنگانہ کے 50 نوجوانوں کو جاپان میں روزگار حاصل ہوا۔ سرکاری ادارہ ٹام کام کے ذریعہ نوجوانوں کو جاپانی زبان سیکھنے کی تربیت دی جارہی ہے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی رہنمائی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ کیتا کیشو شہر سے مختلف شعبہ جات میں باہمی اشتراک کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کیتا کیشو کے میئر نے یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اِس موقع پر رکن اسمبلی اے لکشمن کمار، تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر وشنووردھن ریڈی، ڈائرکٹر اسٹیٹ انوسٹمنٹ پروموشن سیل اویناش اور سی آئی آئی تلنگانہ کے صدرنشین شیوا پرساد ریڈی موجود تھے۔1