۔50 ڈونرس کو تہنیت کی پیشکشی، ڈاکٹر سنگیتا ریڈی اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔ تلنگانہ پلازما ڈونرس اسوسی ایشن کی جانب سے تقریباً 50 پلازما ڈونرس کو تہنیت پیش کی گئی جنہوں نے کورونا کے مریضوں کی جان بچائی۔ اسوسی ایشن کے تحت حالیہ عرصہ میں تقریباً 800 افراد نے اپنے پلازما کا عطیہ دیا جس کے نتیجہ میں کورونا کے مریض صحت یاب ہوئے۔ پلازما ڈونرس کی تہنیتی تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے اپولو ہاسپٹلس کی جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر سنگیتا ریڈی نے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر دنیا سنگین صورتحال سے دوچار ہے اور ان حالات میں انسانیت کے جذبہ کے تحت کئی افراد نے خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ پلازما ڈونرس اسوسی ایشن کی خدمات کی ستائش کی اور اس کے صدر جی نارائن ریڈی کو تہنیت پیش کی۔ سن شائن ہاسپٹل کے صدرنشین اے وی گروا ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ سنگیتا ریڈی نے مزید کہاکہ دنیا بھر میں کورونا کی وباء نے انسانیت کے جذبہ کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کورونا کے پھیلاؤ اور اس کے بچاؤ کے احتیاطی اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ڈاکٹرس کی سطح پر مریضوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ایسے میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کی ستائش بھی ضروری ہے۔ اے وی گروا ریڈی نے کہا کہ پلازما ڈونرس کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈونرس کے پیر چھونا چاہتے ہیں جو دوسروں کی جان بچانے کیلئے آگے آئے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کورونا پازیٹیو کیسس کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن عوام کو اپنے طور پر احتیاط برقرار رکھنا چاہیئے۔ جی نارائن ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عدم دلچسپی کے اظہار کے بعد پلازما ڈونرس اسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کورونا علاج کے سلسلہ میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ میں حکومت کا رول معمولی ہے۔