تلنگانہ میں 9 نئے گورنمنٹ میڈیکل کالجس کو منظوری

   

جاریہ طبی تعلیمی سال سے 900 ایم بی بی ایس کی اضافی نشستیں دستیاب ، ہریش راؤ نے خیر مقدم کیا
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ سرکاری میڈیکل کالجس کے قیام میں ریاست تلنگانہ نے سارے ملک میں ایک نئی تاریخ بنائی ہے ۔ جاریہ سال ریاست میں 9 میڈیکل کالجس قائم ہورہے ہیں جس سے 900 اضافی ایم بی بی ایس نشستیں طلبہ کو دستیاب ہوں گی ۔ نیشنل میڈیکل کونسل نے کل ہی کریم نگر گورنمنٹ میڈیکل کالج کو منظوری دے دی ہے ۔ جس کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پر عمل بھی کررہے ہیں ۔ گذشتہ سال ایک ساتھ 8 میڈیکل کالجس قائم کرتے ہوئے ملک میں ریکارڈ قائم کیا تھا ۔ جاریہ سال 9 گورنمنٹ میڈیکل کالجس قائم کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست نے اپنی جانب سے قائم کردہ ریکارڈ کو خود توڑ لیا ہے ۔ جاریہ طبی تعلیمی سال سے اضلاع کمرم بھیم آصف آباد ، کاماریڈی ، کھمم ، وقار آباد ، جنگاؤں ، راجنا سرسلہ ، نرمل ، جئے شنکر بھوپال پلی اور کریم نگر میڈیکل کالجس کو میڈیکل کونسل آف انڈیا نے منظوری دی ہے ۔ جس کے بعد جاریہ سال سے ہی 900 ایم بی بی ایس اضافی نشستیں طلبہ کو دستیاب ہوں گی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ 2014 میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے موقع پر ریاست میں میڈیکل کالجس کی تعداد صرف 5 تھی چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں 9 سال کے دوران 21 میڈیکل کالجس قائم ہوئے ہیں ۔ اس طرح ریاست میں میڈیکل کالجس کی تعداد بڑھ کر 26 تک پہونچ گئی ہے ۔ ریاستی وزیر صحت نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ میڈیکل کالجس میں کلاسیس کا آغاز ہونے سے قبل طبی خدمات ، بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ دیگر زیر التواء کاموں کو جنگی خطوط پر انجام دینے کا مشورہ دیا ۔ ہریش راؤ نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے 35 کروڑ روپئے کے مصارف سے گاندھی ہاسپٹل میں اعضاء کی پیوندکاری کے لیے جو مرکز قائم کیا جارہا ہے اس کو جلد از جلد تکمیل کرنے پر زور دیا ۔ ساتھ ہی 16.5 کروڑ روپئے کے مصارف سے گاندھی ، ایم جی ایم ، پیٹلہ برج ہاسپٹلس میں قائم کئے جانے والے فرٹیلٹی سنٹرس کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے پر زور دیا ۔۔ ن