چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے پولنگ بوتھس کا اچانک معائنہ کیا
حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی نے اپریل میں تلنگانہ میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی (SIR) مہم کی تیاریوں کو تیز کردیا ہے۔ سدرشن ریڈی نے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ رائے دہندوں کی جانچ سے متعلق ووٹر میاپنگ سروے کے کام کی جلد تکمیل کریں۔ ایس آئی آر کے آغاز سے قبل الیکشن کمیشن نے حیدرآباد میں رائے دہندوں کی جانچ کا کام تجرباتی طور پر شروع کیا ہے۔ خصوصی نظرثانی مہم کی تیاریوں کے طور پر حیدرآباد کے مختلف اسمبلی حلقہ جات میں ووٹر میاپنگ سروے شروع کیاگیا جس کیلئے خصوصی طور پر رجسٹریشن آفیسرس متعین کئے گئے۔ سدرشن ریڈی نے حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر و کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن کے ہمراہ سکندرآباد اسمبلی حلقہ میں ووٹر میاپنگ سروے کا شخصی طور پر جائزہ لیا۔ انہوں نے پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اس کام کا معائنہ کیا۔ سدرشن ریڈی نے سکندرآباد اسمبلی حلقہ کے منی کیشور نگر اور چارمینار اسمبلی حلقہ کے ایک پولنگ بوتھ کا عہدیداروں کے ساتھ اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر سدرشن ریڈی نے بوتھ لیول آفیسرس اور سپروائزرس سے بات چیت کی اور میاپنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے رائے دہندوں کی جانچ کے لئے استعمال کئے جانے والے طریقہ کار اور عوامی ردعمل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بوتھ سطح کے عہدیداروں نے بتایا کہ وہ گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں کی جانچ کرتے ہوئے 2002 کی فہرست رائے دہندگان سے تقابل کررہے ہیں۔ 2002 کی فہرست رائے دہندگان اور 2025 کی فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کا جائزہ لیتے ہوئے رائے دہندوں کے ناموں کی جانچ کی جارہی ہے۔ گھر گھر پہنچ کر افراد خاندان کے نام حاصل کئے جارہے ہیں جو 2002 کی فہرست میں موجود ہیں۔ ان ناموں کا تازہ ترین فہرست سے تقابل کیا جائے گا۔ ایس آئی آر مہم کے تحت فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے لئے 2002 کی فہرست میں نام کی موجودگی ضروری ہے۔ بہ صورت دیگر رائے دہندوں کو الیکشن کمیشن کی جانب سے طے کردہ دستاویزات کو پیش کرنا ہوگا۔ 1