کارپوریٹ اداروں کو راغب کرنے کیلئے نئی پالیسی کی تیاری، چیف منسٹر کا اعلان
حیدرآباد ۔26 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ریاست میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) فنڈس کے موثر استعمال اور زیادہ سے زیادہ حصول کیلئے ایک جامع اور خصوصی پالیسی تیار کی جائے ۔ جائزہ اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کو ان کارپوریٹ اداروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے جو ریاست میں CSR فنڈس کے ذریعہ ترقیاتی اور عوامی فلاحی پروگرام شروع کرتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ بہترین کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کے نمائندوں کو ہر سال ایک خصوصی تقریب میں اعزاز سے نوازا جائے اور یہ تقریب ریاست کی یوم تاسیس کی تقریباً کا حصہ ہو۔ چیف منسٹر نے ریاستی سطح پر ایک خصوصی سی ایس آر سیل اور دفتر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیل مختلف سرکاری محکموں کے منصوبوں اور کارپوریٹ اداروں کے سی ایس آر پروگراموں کے درمیان تال میل پیدا کرے گا اور ایسے منصوبوں کی نشاندہی کرے گا جنہیں سی ایس آر کے ذریعہ مکمل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حکومت اور کارپوریٹ اداروں کو جوڑنے کیلئے ایک خصوصی تلنگانہ سی ایس آر پورٹل تیار کیا جائے ، جہاں تمام سرکاری منصوبوں کی تفصیلات دستیاب ہو تاکہ کمپنیاں اپنی دلچسپ کے مطابق منصوبوں کا انتخاب کرسکیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ قومی سطح پر CSR فنڈس میں تلنگانہ کا حصہ صرف تین فیصد ہے جو کہ توقع سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کام کرنے والے کمپنیوں کو چاہئے کہ وہ اپنے CSR فنڈس کا بڑا حصہ تلنگانہ میں ہی خرچ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر ریاستوں میں رائج پالیسیوں کا مطالبہ کر کے نئی حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کارپوریٹ اداروں کو CSR سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جاسکے اور ریاست کا حصہ بڑھایا جاسکے ۔ اجلاس میں چیف سکریٹری کے راما کرشنا راؤ ، اسپیشل چیف سکریٹری ساویا ساچی گھوش ، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری شیشادری ، اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی ، سکریٹری مانک راج اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔2