تلنگانہ نظم و نسق میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تیاریاں

,

   

چیف منسٹر کی عہدیداروں سے مشاورت، کئی سیول سرویس عہدیداروں کی تبدیلی کی پیش قیاسی
حیدرآباد : چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے نظم و نسق میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ گزشتہ سال آخری مرتبہ نظم و نسق میں تبدیلی کرکے 50 عہدیداروں کے تبادلے کئے گئے تھے۔ اب جبکہ ریاست میں انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے لہذا چیف منسٹر ڈسمبر 2023 ء اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے نشانہ کے ساتھ اپنی ٹیم تشکیل دینا چاہتے ہیں تاکہ سرکاری اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔ چیف سکریٹری عہدہ پر سومیش کمار کو سینیاریٹی کے بغیر تقرر سے آئی اے ایس عہدیداروں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ کئی عہدیدار ایسے ہیں جو سومیش کمار سے کئی سال سینئر ہیں لیکن چیف منسٹر نے سینیاریٹی نظرانداز کرتے ہوئے سومیش کمار کو چیف سکریٹری کے عہدہ پر فائز کیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق نظم و نسق میں تبدیلی کے ذریعہ چیف منسٹر ناراض عہدیداروں کو اہم عہدوں پر فائز کرتے ہوئے ناراضگی دور کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ مارچ میں بجٹ اجلاس کے بعد چیف منسٹر نے آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلوں کا فیصلہ کیا تھا لیکن کورونا کی صورتحال کی سنگینی اور اپریل میں مجالس مقامی کے انتخابات کے پیش نظر یہ فیصلہ ملتوی کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر بعض عہدیداروں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ ایسے عہدیداروں کو غیر اہم پوسٹنگ دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈی ایس لوکیش کمار کو تبدیل کرتے ہوئے کسی اور عہدیدار کو مقرر کیا جائے گا کیوں کہ حالیہ عرصہ میں لوکیش کمار کی کارکردگی کے بارے میں عوامی نمائندوں کی جانب سے کئی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ کے ٹی راما راؤ چونکہ بلدی نظم و نسق کے وزیر ہیں لہذا اُن کی بہتر اعانت کے لئے کسی متحرک عہدیدار کو مقرر کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال سیلاب کے متاثرین میں امدادی کاموں کے معاملہ میں لوکیش کمار پر کئی شکایات کی گئی تھیں۔ کے ٹی راما راؤ نے تمام زونل کمشنرس کو ہدایت دی کہ وہ کورونا وباء کے دوران شہر میں بڑے پیمانے پر ادویات کے چھڑکاؤ کی مہم چلائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ زراعت، برقی، آبپاشی اور سیول سپلائز محکمہ جات میں بھی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ محکمہ تعلیم کے لئے بھی حکومت کو کسی سینئر عہدیدار کی تلاش ہے کیوں کہ اسپیشل چیف سکریٹری چترا رامچندرن 30 اپریل کو وظیفہ پر سبکدوش ہوگئیں اور سندیپ کمار سلطانیہ کو زائد ذمہ داری دی گئی۔ ایچ ایم ڈی اے میں کمشنر کے عہدہ پر کسی نوجوان آئی اے ایس عہدیدار کا تقرر کیا جاسکتا ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار لینڈ ریونیو، اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن، اکسائز اور کمرشیل ٹیکس جیسے اہم محکمہ جات کے نگرانکار ہیں۔ چونکہ چیف منسٹر نے مذکورہ محکمہ جات پر توجہ مرکوز کی ہے لہذا سومیش کمار کو اضافی ذمہ داری سے سبکدوش کرتے ہوئے دیگر عہدیداروں کو مقرر کیا جاسکتا ہے۔ بھوپال پلی، کتہ گوڑم، ملکاجگیری اور عادل آباد کے لئے ضلع کلکٹرس کے عہدے مخلوعہ ہیں۔ حکومت کلکٹرس کے عہدوں پر بھاری تبدیلی کرسکتی ہے۔ اِس کے علاوہ پولیس کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے عہدوں میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے۔