شہر میں حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے اطراف درجہ حرارت 9.8ریکارڈ کیا گیا
حیدرآباد 15 نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ و آندھراپردیش میں سردی کی لہر جاری ہے اور آئندہ دو یوم درجہ حرارت میں گراوٹ جاری رہنے کا امکان ہے۔ حیدرآباد وسکندرآباد بالخصوص نواحی علاقوں میں درجہ حرارت 10 ڈگری سے کم ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور صبح کی اولین ساعتوں و رات میں کئی مقامات پر پر شدید سردی کی لہر ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ شہر کے نواحی ومضافاتی علاقوں میں جہاں درخت اور کھلے مقامات ہیں سردی کی لہر میں اضافہ اور درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ اس کے علاوہ گنجان آبادی والے علاقوں میں بھی درجہ حرارت رات میں 20 ڈگری سے کم رہنے سے سڑکیں سنسان رہنے لگی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں کے بیشتر علاقوں و آندھراپردیش وتلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں سردی کی لہر کا سلسلہ 17 نومبر تک جاری رہے گا ۔ دونوں شہروں میں آج صبح سب سے کم درجہ حرارت حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے اطراف علاقوں میں ریکارڈ کیاگیا جہاں9.8 درجہ حرارت رہا ۔ اسی طرح بی ایچ ای ایل میں درجہ حرارت 11.1 ڈگری ریکارڈ کیاگیا جبکہ راجندر نگر میں درجہ حرارت 11.6 ڈگری ریکارڈ کیاگیا ہے۔گچی باؤلی میں 11.9‘ ویسٹ ماریڈپلی 12.6‘چندا نگر 13.9 ‘ ایل بی اسٹیڈیم13.9‘ بہادرپورہ زو پارک 13.9‘ کاروان 13.9‘ بیگم پیٹ 14.1‘ ملکاجگری 14.1اور شیخ پیٹ14.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ تلنگانہ میں سب سے کم درجہ حرارت 8.1 سنگاریڈی میں ریکارڈ کیاگیا اس کے بعد آصف آبادمیں 8.4‘ سدی پیٹ 8.9‘ کاماریڈی 8.9‘ سرسلہ 9ڈگری ‘ میدک 9.6‘ عادل آباد 9.6‘ رنگاریڈی 9.8 ‘ نظام آباد 9.9 کے علاوہ جگتیال میں 10.1 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ۔ ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ شہر و دیگر اضلاع میں آئندہ دو یوم درجہ حرارت میں گراوٹ کے علاوہ سردی کی لہر میں اضافہ کے امکانات ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ 48گھنٹوں تک جاری رہے گا۔3
