تلنگانہ وزراء میں اختلافات پر کانگریس ہائی کمان کا اظہار تشویش

   

مجالس مقامی انتخابات کا متحدہ طور پر سامنا کرنے کی ہدایت، ڈسمبر کے بعد کابینہ میں تبدیلی کا اشارہ
حیدرآباد۔ 26 اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے ریاستی وزراء کے درمیان اختلافات اور پارٹی سطح پر قائدین کے متنازعہ بیانات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کو مشورہ دیا کہ وہ جلد صورتحال پر قابو پائیں اور پارٹی امیج کو متاثر ہونے نہ دیں۔ ذرائع کے مطابق جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینوگوپال نے گزشتہ دنوں ریاستی وزراء کونڈا سریکھا، لکشمن کمار اور دیگر کے درمیان اختلافات سے متعلق میڈیا میں شائع شدہ خبروں پر وضاحت طلب کی ہے۔ وزراء ایک دوسرے کے محکمہ میں مداخلت کا دوسرے پر الزام عائد کررہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کے سی وینوگوپال نے کابینی وزراء میں اختلافات کے علاوہ نظم و نسق پر کمزور گرفت کا بھی مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے سینئر آئی اے ایس عہدیدار سید علی مرتضیٰ رضوی کی رضاکارانہ سبکدوشی کے معاملہ پر بھی وضاحت طلب کی۔ وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ سے اختلافات کے بعد رضوی نے رضاکارانہ سبکدوشی کیلئے چیف سکریٹری کو درخواست دی ۔ کے سی وینوگوپال نے بنیادی سطح پر کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے سرکردہ اور متحرک قائدین کو پارٹی کے عہدوں میں نمائندگی دینے کا مشورہ دیا تاکہ مجالس مقامی کے انتخابات میں پارٹی کا مظاہرہ بہتر رہے۔ تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن نے بھی ریاست کی سیاسی صورتحال پر ہائی کمان کو رپورٹ پیش کی ہے۔ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ پر ہائی کمان کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے کانگریس کی کامیابی کا یقین ظاہر کیا۔ کے سی وینوگوپال نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ مہیش کمار گوڑ سے علیحدگی میں بات چیت اور ریاست کی صورتحال سے واقفیت حاصل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ وینوگوپال نے حکومت اور پارٹی میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ 2 سال کی تکمیل کے موقع پر کانگریس ہائی کمان کابینہ میں ردوبدل کا جائزہ لے رہا ہے۔ توقع ہے کہ ڈسمبر میں ہائی کمان کی جانب سے اس سلسلہ میں اہم اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں کارکردگی کی بنیاد پر وزراء کی برقراری یا علیحدگی پر فیصلہ ہوگا۔ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ اور پھر مجالس مقامی کے انتخابی نتائج کے بعد ہی کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ ہوگا۔ ضلع کانگریس صدور کے تقرر کے سلسلہ میں نئی دہلی میں کے سی وینوگوپال سے اہم قائدین کی ملاقات نے حکومت اور پارٹی کے امور پر مشاورت کی راہ ہموار کی ہے۔ کے سی وینوگوپال تلنگانہ کے حالات سے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی کو واقف کرائیں گے۔ 1