تلنگانہ وقف بورڈ کا اجلاس، گزشتہ فیصلوں کی توثیق

,

   

جوڈیشیل پاورس کے تیقن کا خیرمقدم، صدرنشین محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد۔ تلنگانہ وقف بورڈ کا اجلاس صدرنشین محمد سلیم کی صدارت میں حج ہائوز میں منعقد ہوا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد قاسم کے کورونا کے متاثر ہونے کے سبب اجلاس کو ملتوی کرنا پڑا۔ دو دن قبل اسمبلی پاس کے حصول کے لیے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے کورونا ٹسٹ کروایا تھا جو پازیٹیو نکلا۔ انہیں ہوم آئیسولیشن کے تحت زیر علاج رکھا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے بغیر ایجنڈے کی تکمیل ممکن نہیں ہے لہٰذا اجلاس کو آئندہ کے لیے ملتوی کرنا پڑا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے محمد قاسم سے فون پر ربط قائم کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ ان کی حالت مستحکم ہے۔ محمد قاسم کو مشورہ دیا گیا کہ وہ کورونا ٹسٹ میں منفی رپورٹ آنے کے بعد کام پر رجوع ہوں۔ اجلاس میں گزشتہ کی منظورہ قراردادوں کی توثیق کی گئی۔ بورڈ کے ارکان ملک معتصم خان، مولانا اکبر نظام الدین حسینی صابری، صوفیہ بیگم، ذاکر حسین جاوید، انور بیگ، ایم اے وحید اور نثار حسین حیدرآغا نے شرکت کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے اسمبلی میں حکومت کی جانب سے وقف بورڈ کو جوڈیشیل پاورس سے متعلق تیقن کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں سنجیدہ ہے اور جوڈیشیل پاورس کی فراہمی سے جائیدادوں کے تحفظ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ عرصہ میں کئی جائیدادوں کا تحفظ کیا گیا اور کئی قابضین کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر آباد مساجد کو آباد کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی تک 5 مساجد ان کی نگرانی میں آباد ہوچکے ہیں۔