پروسیڈنگ میں سی ای او کے نام کا تک غلط اندراج
کیا بورڈ کے عملہ کو اپنے افسر اعلی کا نام تک نہیں معلوم ؟
حیدرآباد۔28۔مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں اس قدر قابل عملہ ہے کہ اسے اپنے ہی ادارہ کے سربراہ عہدیدار چیف اکزیکیٹیو آفیسر کا نام پتہ نہیں ہے! وقف بورڈ میں طویل عرصہ سے برسر خدمت عہدیدار جناب سید خواجہ معین الدین جو کہ وقف بورڈ میں چیف ویجلنس آفیسر کے عہدہ پر فائز تھے اور اب گذشتہ 4 ماہ سے انچارج سی ای او کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں ان کے نام سے ان کا ماتحت عملہ ہی واقف نہیں ہیں کیونکہ وقف بورڈ کے 6اپریل کو ہوئے اجلاس میں جن امور کو منظوری دی گئی تھی ان کی پروسیڈنگ جاری کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے اور یہ انکشاف ہوا کہ وقف بورڈ ملازمین کو ان کا نام پتہ نہیں ہے کیونکہ جو بھی احکام جاری کئے گئے ان میں سید خواجہ معین الدین کی جگہ ایس ۔خواجہ محی الدین تحریر کیا گیا ہے۔چیف اکزیکیٹیو آفیسر سے جب یہ دریافت کیا گیا کہ ان کا نام آیا محی الدین ہے یا معین الدین تو انہوں نے واضح کیا کہ ان کا نام سید خواجہ معین الدین ہے ۔ وقف بورڈ کی پروسیڈنگ میں درج ان کے نام پر جب نشاندہی کروائی گئی تو وہ خود حیرت زدہ رہ گئے کیونکہ انہیں یقین نہیں ہورہا تھا کہ ان کا ماتحت عملہ ان کا نام نہیں جانتا جبکہ وہ وقف بورڈ میں صدرنشین کے بعد دوسرے نمبر پر ہیںاور تمام ملازمین ان کے ماتحت ہیں۔