صدرنشین محمد سلیم کے ساتھ کمیٹی کا اجلاس، ملازمین کو جوابدہ بنانے کے اقدامات
حیدرآباد۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے 1963 ء کے بعد پہلی مرتبہ رولز اینڈ ریگولیشن کو قطعیت دی گئی ہے ۔ وقف ایکٹ کے مطابق وقف بورڈ کو سرویس رولز اور دیگر قواعد کی تدوین کا اختیار کیا گیا ہے ۔ آخری مرتبہ 1963 ء میں رولز مرتب کئے گئے تھے جو موجودہ حالات میں ناکافی اور ناقابل عمل ہوچکے ہیں۔ قواعد و شرائط کی تیاری کیلئے 6 رکن کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی صدارت میں کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بورڈ کے ارکان مولانا اکبر نظام آباد ، ڈاکٹر نثار حسین حیدر آغا اور ایم اے وحید کے علاوہ وقف بورڈ کے اسٹانڈنگ کونسلس فاروق صلاح الدین ، عبدالمقیت قریشی اور فرحان اعظم نے شرکت کی ۔ حکومت نے وقف بور ڈ کی بہتر کارکردگی کے لئے بعض شرائط طئے کئے گئے ۔ جس کا جائزہ لیتے ہوئے کمیٹی نے بعض نئی سفارشات کا اضافہ کیا ہے ۔ حکومت کو رپورٹ روانہ کردی گئی اور توقع ہے کہ جلد ہی منظوری حاصل ہوجائے گی۔ نئے رولز کے مطابق بورڈ کا اجلاس ، ایجنڈہ کی تیاری، ملازمین کی سرویس سے متعلق امور ، ملازمین کی ترقی ، تادیبی کارروائی کے علاوہ صدرنشین اور ارکان کے حقوق اور مراعات کو شامل کیا گیا ہے۔ نئے تیار کردہ رولز کو وقف ریگولیشن 2021 ء کا ٹائٹل دیا گیا ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ نئے قواعدکے نتیجہ میں بورڈ کی کارکردگی بہتر ہوگی اور ملازمین میں جوابدہی کا احساس پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رولز کی کمی کے سبب بورڈ کے عہدیداروں اور ملازمین کی کارکردگی پر نکتہ چینی کی جارہی تھی ۔ اب جبکہ بورڈ نے سروس رولز تیار کئے ہیں ، لہذا بورڈ کے ہر شعبہ میں کارکردگی بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خدمات میں تساہل کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی گنجائش رہے گی۔ دیگر سرکاری محکمہ جات کی طرح وقف بورڈ کا عمل بہتر طور پر خدمات انجام دے سکے گا۔R