: سیاست کی خبر کا اثر :
صدر نشین و ارکان بورڈ سے ملازمین کا اظہار تشکر
حیدرآباد۔3۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے یومیہ اجرت پر خدمات انجام دینے والے جن ملازمین کی اجرتوں میں اضافہ کو منظوری دی تھی اس سلسلہ میں چیف اکزیکیٹیو آفیسرجناب سید خواجہ معین الدین نے ان کے احکامات جاری کردیئے ۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے 6اپریل کو منعقدہ اجلاس میں صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان اور تمام ارکان نے وقف بورڈ میں یومیہ اجرت پر خدمات انجام دے رہے ملازمین کی یومیہ اجرت کو 500 سے بڑھا کر800 روپئے کرنے کا فیصلہ کیا تھااور عیدالفطر سے قبل اس پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی تھی ۔ روزنامہ سیاست نے یومیہ اجرت پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کے حق میں بورڈ کے فیصلہ کے باوجود احکامات کی عدم اجرائی پر 22 اپریل کو ایک خبر شائع کی تھی اور ان کے مسائل کا تذکرہ کیا گیا تھا لیکن آج تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے اس مسئلہ کی یکسوئی کرتے ہوئے احکامات جاری کردیئے ہیں۔چیف اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بور ڈ کی جانب سے جاری کئے گئے ان احکامات میں یومیہ اجرت کے ملازمین کی جانب سے جولائی میں دی گئی درخواست کے علاوہ رکن ریاستی وقف بورڈ مولانا ابولفتح سید بندگی پاشاہ قادری کی نمائندگی ‘ اور صدرنشین جناب محمد مسیح اللہ خان کی ہدایات کا تذکرہ موجود ہے۔ یومیہ اجرت پر خدمات انجام دینے والے 55ملازمین کے مسئلہ کو حل کرتے ہوئے ان کی اجرتوں میں اضافہ کے احکام کی اجرائی پر ملازمین نے صدرنشین وقف بورڈ اور تمام اراکین کے علاوہ سی ای او سے اظہار تشکر کیا ۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ بورڈ کے تمام ارکان کی کاوشوں اور آمادگی کے سبب غریب مستحق ملازمین جو تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود معمولی اجرتوں پر خدمات انجام دے رہے تھے ان کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی تنخواہوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔م