تلنگانہ و آندھرا میں مجالس مقامی کی 23 کونسل نشستوں کے انتخابات

   

Ferty9 Clinic

۔ 16 نومبر سے پرچہ جات نامزدگی، 10 ڈسمبر کو رائے دہی، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا

حیدرآباد۔/9نومبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں مجالس مقامی کی جملہ 23 نشستوں کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ تلنگانہ میں 12 اور آندھرا پردیش میں 11 ایم ایل سی نشستوں کیلئے 10 ڈسمبر کو رائے دہی ہوگی جبکہ 16 نومبر کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا اور 23 نومبر پرچہ جات نامزدگی کی آخری تاریخ رہے گی۔24 نومبر کو پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کی جائے گی اور 26 نومبر تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔10 ڈسمبر کو رائے دہی ہوگی جبکہ 14 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں رنگاریڈی، محبوب نگر اور کریم نگر اضلاع میں دو ، دو نشستوں پر الیکشن ہوگا جبکہ کھمم، نظام آباد، میدک، نلگنڈہ، ورنگل اور عادل آباد میں ایک، ایک نشست پر چناؤ ہوگا۔ ان تمام 12 ارکان قانون ساز کونسل کی میعاد 4 جنوری 2022 کو ختم ہورہی ہے۔ جن ارکان کونسل کی میعاد ختم ہوگی ان میں پی ستیش کمار ( عادل آباد) ، پی سرینواس ریڈی ( ورنگل )، ٹی چنپا ریڈی ( نلگنڈہ ) ، وی بھوپال ریڈی (میدک ) ، کے کویتا ( نظام آباد) ، بی لکشمی نارائنا ( کھمم )، ٹی بھانو پرساد راؤ اور این لکشمن راؤ ( کریم نگر ) ، کے نارائن ریڈی اور کے دامودر ریڈی ( محبوب نگر )، پی مہیندر ریڈی اور ایس راجو (رنگاریڈی ) شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول میں کہا گیا ہے کہ شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی تمام حلقوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوجائے گا۔ چیف سکریٹری تلنگانہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ انتخابات کے انتظامات اور کوویڈ 19 احتیاطی تدابیر پر عمل آوری کیلئے سینئر عہدیدار کا تقرر کریں۔ آندھرا پردیش میں جن اضلاع میں 11 ایم ایل سی نشستوں پر چناؤ ہوگا ان میں کرشنا، گنٹور اور وشاکھاپٹنم کی دو ، دو نشستوں کے علاوہ اننت پور، مشرقی گوداوری، وجیا نگرم اور پرکاشم اضلاع شامل ہیں۔ر