تلنگانہ و آندھرا میں گرمی کا قہر جاری ‘ درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ

,

   

آئندہ د و دن تک تلنگانہ میں گرمی کی لہر جاری رہنے کا انتباہ ۔ محکمہ موسمیات کا بیان
حیدرآباد 7 مئی ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو دن چہارشنبہ اور جمعرات کو بھی ریاست میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد ‘ آصف آباد ‘ نرمل ‘ نظام آباد ‘ جگتیال ‘ منچریال ‘ راجنا سرسلہ ‘ پیدا پلی ‘ کریمنگر ‘ جئے شنکر بھوپال پلی ‘ بھدرادری کتہ گوڑم ‘ یادداری بھونگیر ‘ ورنگل ‘ محبوب آباد ‘ کھمم ‘ سوریہ پیٹ اور نلگنڈہ میں آئندہ دو دن کے دوران کچھ مقامات شدت کی گرمی رہے گی ۔ حیدرآباد اور اطراف میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور شام کے وقت گرج چمک ہوسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ اعظم ترین درجہ حرارت 42 ڈگری اور اقل ترین 29 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ جمعہ اور ہفتہ کی شام یا رات میں گرج چمک یا ہلکی بارش کا بھی امکان ہے ۔ اس دوران تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں شدت کی گرمی کا قہر جاری ہے اور در جہ حرارت کچھ مقامات پر 45 ڈگری سلسئیس کے پار ہوچکا ہے ۔

تلنگانہ میں کھمم سب سے زیادہ گرم مقام رہا جہاں درجہ حرارت 45.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ نیلور آندھرا پردیش میں میں سب سے زیادہ گرم رہا جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ تلنگانہ میں نلگنڈہ دوسرا گرم ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت 44.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ تلنگانہ میں بیشتر مقامات پر اعظم ترین درجہ حرارت 44 ڈگری کے قریب یا زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ حیدرآباد میں درجہ حرارت 41.7 ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے دو ڈگری زیادہ رہا ۔ شدت کی گرمی کی وجہ سے دونوں ریاستوں میں عام زندگی متاثر ہوئی ہے ۔ کئی مقامات پر سرإیں سنسان رہیں اور لوگ گھروں میں رہنے کو اور خاص طور پر دو پہر کے وقت میں گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ آندھرا پردیش میں سائیکلون فانی کے بعد دو دن سے درجہ حرارت میں شدت گرمی کی شدت میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے ۔ اتوار کو وجئے واڑہ میں سب سے زیادہ 47 ڈگری سلسئیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔