تلنگانہ و آندھرا پردیش میں شدید بارش و گرم ہواوں کا امکان

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں آئندہ 48 گھنٹوں میں موسلادھار بارش کے علاوہ گرم ہواؤں کا امکان ہے ۔ شہر کے علاوہ مضافاتی علاقوں اور اضلاع میں بھی یہی صورتحال ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے بموجب تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں موسمی گرمی اور گرم ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا اور خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب ہلکی اور تیز بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں موسمی تبدیلی تیز دھوپ اور گرمی کے علاوہ اچانک درجہ حرارت میں گراوٹ ہوسکتی ہے ۔پیش قیاسی کے مطابق آج دونوں شہروں میں صبح میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی اور مطلع ابر آلود رہا جبکہ گذشتہ شب شہر و اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی تھی لیکن 11بجے کے بعد دن بھر سخت دھوپ اور گرمی رہی۔ دونوں ریاستوں میں درجہ حرارت معمول کے مطابق رہے گا لیکن گرم ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں یہی صورتحال رہے گی اور بارش کے امکانات بھی پائے جا رہے ہیں جو کہ خلیج بنگال میں آنے والے طوفان یاس کا اثر ہوگا جس سے نمٹنے کیلئے ساحلی اضلاع پر حکومت کی جانب افواج کو متعین کیا گیا ہے۔