تلنگانہ و آندھرا پردیش میں کئی مواضعات زیر آب ‘ ذخائر آب لبریز

,

   

ورنگل کے مورانچا پلی میں پھنسے 1500 افراد کو نکالنے فوجی ہیلی کاپٹرس کی طلبی ۔ مزید دو دن بارش کی پیش قیاسی

محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد۔27 جولائی۔ تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش کے کئی علاقوں میں شدید بارش سے کئی مواضعات زیر آب آچکے ہیں اور مورانچا پلی موضع ورنگل میں زیر آب علاقہ سے 1500 افراد کو محفوظ نکالنے فوج کے ہیلی کاپٹر کے علاوہ ڈزاسٹر ریلیف فورس کی خدمات حاصل کرنی پڑی۔ تلنگانہ کے بیشتر مواضعات و منڈلوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں سے موسلادھار بارش ہوئی ۔ ضلع ملوگوکے منڈل وینکٹا پورمیں 24گھنٹوں میں 650ملی میٹر بارش ہوئی اور جئے شنکر بھوپل پلی منڈل چٹیال میں 616 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ریاست کے زائد از 200 منڈلوں میں 24 گھنٹوں میں زائد از 100 ملی میٹر بارش کے بعد نرمل‘ عادل آباد‘ بھوپل پلی جئے شنکر‘ ورنگل‘ ملوگ‘ میدک ‘ سنگاریڈی ‘ میڑچل ۔ ملکا جگری‘ سرسلہ ‘ ہنمکنڈہ ‘ بھدادری میں کئی مواضعات زیر آب آگئے ۔ مورانچا پلی زیر آب آنے کی شکایات کے ساتھ ہی چیف منسٹر کے سی آر نے عہدیدارو ں کو عوام کو محفوظ نکالنے کی ہدایات دیں جس پر کشتیوں اور ہیلی کاپٹر سے تمام شہریوں کو محفوظ نکالنے اقدامات کئے گئے ۔ کڈیم ڈیم لبریز ہونے اور ڈیم کے اوپر پانی کے بہاؤ سے ڈیم کو خطرہ کی اطلاعات پر متعلقہ رکن اسمبلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لینے پہنچے لیکن جیسے ہی ڈیم سے پانی اوپر بہنے لگا تو وہ فوری واپس ہوگئیں ۔ ورنگل میں وزیر ستیہ وتی راتھوڑ نے شاہراہوں پر جمع پانی کے سبب مسدود شاہراہوں کا معائنہ کرکے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے ہدایات دیں ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے ایک اور انتباہ جاری کرکے آئندہ 48گھنٹوں میں بارش کی پیش قیاسی کی ۔ بارش میں محروس کئی مواضعات میں برقی سربراہی منقطع ہونے سے مکینوں سے رابطہ ٹوٹ گیا تھا ۔ دونوں شہروں میں حالات کا جائزہ لینے ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو نے مئیر محترمہ گدوال وجئے لکشمی اور حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور نشیبی علاقوں کی صورتحال سے آگہی حاصل کی۔ٹولی چوکی نظام کالونی و ٹولی چوکی چوراہے پر 2فیٹ تک سڑک پر پانی جمع ہونے کی شکایات پر ای وی ڈی ایم عملہ نے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا۔ محکمہ آبپاشی نے معائنہ کے بعد توثیق کی کہ کڈیم ڈیم پر کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کرکے حکام کو تعینات کیا ۔ ہنگامی حالات میں شہریوں سے 100 نمبر پر رابطہ کی اپیل کی ۔تلنگانہ اضلاع میں بارشوں کے ساتھ آندھراپردیش میں بھی بارش سے کئی اضلاع میں تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کردیا گیا تھا اور ساحلی اضلاع میں طوفان بادوباراں کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔حیدرآباد ۔وجئے واڑہ شاہراہ پر پانی کے تیز بہاؤ کے سبب کئی گھنٹوں کیلئے ٹریفک مسدود رہی ۔ ورنگل۔کھمم شاہراہ کو جو گذشتہ یوم بحال کردی گئی تھی 24گھنٹوں بعد دوبارہ بند کردیا گیا ۔ امراوتی ‘ این ٹی آر ضلع و نندی گاما میں بارش سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ۔ میڈارم جاترا کی مندر زیر آب آگئی ۔ راجنا سرسلہ میں مڈ مانئیر ڈیم لبریز ہونے پر 22 دروازے کھول کر پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔ ڈیم میں 1.05 لاکھ کیوزک پانی جمع ہوا اور فیصلہ کیا گیا کہ 1.10 لاکھ کیوزک پانی خارج کیا جائیگا ۔ نظام ساگر کے دروازوں کو کھول کر پانی کا اخراج کیا جارہا ہے ۔ سری رام ساگر پراجکٹ کے 26 دروازے کھول دئیے گئے۔ حکام کو چوکس رہنے ہدایات دی گئی ہیں۔