پارٹی قائدین و کارکنوں کو امدادی کاموں میں شمولیت کا مشورہ، مرکز سے فراخدلانہ تعاون کی اپیل
حیدرآباد ۔2۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس قائد اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں شدید بارش اور سیلاب کی صورتحال پر دکھ کا اظہار کیا۔ راہول گاندھی نے دونوں ریاستوں کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے مہلوکین کے افراد خاندان سے گہری ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے دونوں ریاستوں کے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ بچاؤ اور راحت کے اقدامات میں حصہ لیتے ہوئے متاثرین کی مدد کریں۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت حتی المقدور ریلیف کے کام انجام دے رہی ہے۔ آفات سماوی کی اس گھڑی میں ہر کسی کو امدادی کاموں میں اپنا رول ادا کرنا چاہئے ۔ راہول گاندھی نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو مشورہ دیا کہ دونوں ریاستوں میں متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات کریں۔ اطلاعات کے مطابق راہول گاندھی نے دونوں ریاستوں میں بارش اور سیلاب کی صورتحال پر رپورٹ طلب کی ہے۔ توقع ہے کہ وہ بچاؤ اور امدادی کاموں کے سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ربط قائم کریں گے۔ چیف منسٹر آج کھمم کے دو روزہ دورہ پر روانہ ہوگئے، لہذا راہول گاندھی سے ربط قائم نہ ہوسکا۔ بتایا جاتا ہے کہ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپاداس منشی اور پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے پارٹی ہائی کمان کو حکومت کی جانب سے امدادی کاموں اور تازہ ترین صورتحال سے متعلق رپورٹ روانہ کی گئی ہے۔ اسی دوران صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے بھی دونوں ریاستوں میں بارش کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امدادی کام انجام دیں تاکہ متاثرین کی مدد ہو۔ 1