تلنگانہ و اے پی میں سنکرانتی تہوار ، مسافروں کیلئے خصوصی بس خدمات

   

بس اسٹانڈس میں خصوصی انتظامات ، ریجنل ایم ڈی رنگاریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں سنکرانتی تہوار کے موقعہ پر اپنے آبائی مقامات کو روانہ ہونے والے مسافروں کو آرام دہ سفر کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ٹی ایس آر ٹی سی نے جملہ 4940 زائد اسپیشل بسیں چلانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ریجنل مینجر ضلع رنگاریڈی ریجن مسٹر بی درا پرساد نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سنکرانتی تہوار کے لیے اپنے آبائی مقامات کو روانہ ہونے والے مسافروں کو سفر کے دوران کسی بھی نوعیت کی مشکلات پیش نہ آنے کے لیے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن میں اضلاع رنگاریڈی ، کھمم ، ریجنوں کے ریجنل منیجرس ، ڈیویژنل منیجرس اور ڈپو منیجرس کے علاوہ زائد از 250 اسٹاف ارکان کے ساتھ ساتھ جوبلی بس اسٹیشن میں کریم نگر ریجن کے ریجنل منیجر کے ساتھ زائد از 200 اسٹاف ارکان موجود رہ کر بسوں کے مقررہ اوقات پر روانہ کرنے کو یقینی بنانے کے اقدامات کررہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن ، سی بی ایس ، جوبلی بس اسٹیشن ، دلسکھ نگر ، آرام گھر چوراہا ، لنگم پلی ، چندا نگر ، کے پی ایچ بی ، ایس آر نگر ، امیر پیٹ ، ٹیلی فون بھون ، ای سی آئی ایل ، اوپل کراس روڈ ، ایل بی نگر کے ساتھ دونوں شہروں کے مختلف بعض اہم کالونیوں میں مقیم افراد کے لیے قریبی مقامات پر پائے جانے والے پوائنٹس سے بھی 622 اسپیشل بسیں چلانے کے لیے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ علاوہ ازیں مہاتما گاندھی بس اسٹیشن میں چھ مختلف پوائنٹس پر ’ ہیپ ڈیسکس ‘ قائم کر کے مسافروں کو کسی بھی نوعیت کی تکلیف نہ ہونے کے لیے اقدامات کئے گئے ۔۔