۔14 مارچ کو رائے دہی اور 17 مارچ کو نتیجہ کا اعلان
حیدرآباد: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ میں گریجویٹ زمرہ کی دو اور آندھراپردیش میں ٹیچرس زمرہ کی دو ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات کے لئے اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔ محبوب نگر ، رنگا ریڈی اور حیدرآباد حلقہ کے موجودہ ایم ایل سی این رام چندر راؤ اور ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ حلقہ کے ڈاکٹر پی راجیشور ریڈی کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے ۔ آندھراپردیش میں مشرقی و مغربی گوداوری ٹیچرس حلقہ کے ایم ایل سی آر سوریا راؤ اور کرشنا و گنٹور ٹیچرس حلقہ کے اے ایس رام کرشنا کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے چاروں ایم ایل سی نشستوں کے لئے انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے۔ 16 فروری کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا جس کے ساتھ ہی پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکیں ۔ پرچہ جات نامزدگی ادخال کی آخری تاریخ 23 فروری مقرر کی گئی ہے۔ پرچہ جات کی جانچ 24 فروری کو ہوگی اور 26 فروری تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ رائے دہی 14 مارچ کو صبح 8 بجے تا شام 4 بجے ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 17 مارچ کو مقرر ہے۔ الیکشن کمیشن نے 22 مارچ سے قبل انتخابی عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن کے مطابق مذکورہ چاروں حلقہ جات میں انتخابی ضابطہ اخلاق فوری اثر سے نافذ ہوجائے گا۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ رائے دہی کے عمل کے دوران کووڈ قواعد پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ ہر شخص کو ماسک کا استعمال لازمی رہے گا۔ تمام پولنگ مراکز پر تھرمل اسکیاننگ اور سنیٹائزر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔