تلنگانہ و اے پی کے چیف منسٹرس کی ہفتہ کو ملاقات

   

حیدرآباد میں تیاریاں زور و شور سے جاری، ڈپٹی چیف منسٹر نے انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد۔3۔جولائی (سیاست نیوز) دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹراں کی 6 جولائی کو حیدرآباد میں ہونے والی ملاقات کیلئے ریاستی حکومت بڑے پیمانے پر انتظامات کررہی ہے ۔ چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو کی حیدرآباد آمد اور چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات جیوتی راؤ پھولے پرجا بھون جو کہ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک کی سرکاری قیامگاہ بھی ہے میں ہوگی۔ چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے ریونت ریڈی کو ملاقات کیلئے مکتوب روانہ کئے جانے کے بعد گذشتہ یوم ریونت ریڈی نے اس پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے نائیڈو سے ملاقات کا فیصلہ کیا اور انہیں جوابی مکتوب روانہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی کی جانب سے 6جولائی کو دونوں چیف منسٹرس کی ملاقات کو قطعیت دیئے جانے کے بعد آج ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس ملو بھٹی وکرمارک نے پرجا بھون میں اس ملاقات کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ دونوں چیف منسٹرس کے علاوہ دونوں ریاستوں کے بیشتر وزراء کے بھی اس ملاقات کے دوران موجود رہنے کا امکان ہے۔ تقسیم آندھرا پردیش ایکٹ کے مطابق دونوں ریاستوں کے درمیان گذشتہ 10 سال سے زیر التواء حل طلب مسائل کی یکسوئی کیلئے ہونے والی اس ملاقات سے دونوں ریاستوں کی حکومت ‘ عہدیداروں کے علاوہ عوام کو بھی کئی توقعات ہیں کیونکہ دونوں ریاستوں کے درمیان حل طلب مسائل کے خوشگوار حل کیلئے دونوں ریاستوں کی جانب سے اس کوشش کا آغاز کیا جارہاہے اور توقع کی جار ہی ہے کہ دونوں ریاستوں کی مجموعی و باہمی ترقی اور فلاح و بہبود کے سلسلہ میں دونوں ہی ریاستو ںکے چیف منسٹرس کی جانب سے اس ملاقات کے دوران کئی اہم فیصلہ کئے جائیں گے۔ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ملو بھٹی وکرمارک نے آج پرجا بھون میں ملاقات کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ریاستی حکومت کے عہدیدارو ںکو بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی اور کہا کہ دونوں ریاستوں کے سربراہان کے درمیان ہونے والے اس تاریخی اجلاس کی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے اسی پیمانے کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی چیف منسٹر کے پرجا بھون میں جائزہ کے موقع پر چیف سیکریٹری ریاستی حکومت سانتھی کماری کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔3