حیدرآباد 27 جون ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ اور ساحلی آندھرا پردیش میں 29 جون سے شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر ڈاکٹر وائی کے ریڈی نے کہا کہ شمالی خلیج بنگال اور اطراف کے علاقوں میں 30 جون سے ہوا کے دباو میں کمی کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے اور یہ مزید شدت اختیار کرسکتی ہے ۔ محکمہ نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ تاہم ہوا کے دباو میں کمی کی جو صورتحال بن رہی ہے اس کے اثر سے تلنگانہ میں کچھ مقامات پر اور ساحلی آندھرا پردیش میں کئی مقامات پر 29 جون سے 2 جولائی کے درمیان شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا اور ایک یا دو موقعوں پر بارش ہوسکتی ہے یا پھر گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری اور کم سے کم 25 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ جنوب مغربی مانسون تلنگانہ میں قدرے کمزور ہے اور کچھ مقامات پر ہلکی بارش ہوئی ہے ۔
