وزیر سیاحت کی ناراضگی پر نامزدگی کے اندرون 24 گھنٹے احکامات منسوخ
حیدرآباد : تلنگانہ سیاحت کیلئے برانڈ ایمبیسڈر کی حیثیت سے بگ باس فیم ڈی ہریکا کی نامزدگی تنازعہ کا شکار ہوگئی۔ حکومت کی جانب سے اندرون 24 گھنٹے احکامات منسوخ کردیئے گئے۔ یوم خواتین کے موقع پر صدرنشین تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن سرینواس نے دتڈی ہریکا کو تلنگانہ سیاحت کی نئی برانڈ ایمبیسڈر کی حیثیت سے نامزد کرتے ہوئے احکامات جاری کردیئے اور انھیں تقرر نامہ بھی حوالے کردیا جو تنازعہ کا شکار ہوگیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ صدرنشین تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے برانڈ ایمبیسڈر کی نامزدگی سے قبل وزیر سیاحت اور اعلیٰ عہدیداروں سے کوئی مشاورت نہیں کی اور نہ ہی کوئی تبادلہ خیال کیا جس پر ریاستی وزیر سیاحت سرینواس گوڑ نے برہمی کا اظہار کیا اور اعلیٰ عہدیداروں نے بھی اپنی ناراضگی ظاہر کی۔ مسئلہ چیف سکریٹری سومیش کمار تک پہونچ گیا جس کے بعد عہدیدار الرٹ ہوگئے اور سرکاری ویب سائٹ سے ہریکا کی نامزدگی سے متعلق تفصیلات کو ہٹادیا گیا۔ تاہم تلنگانہ سیاحت کے سرکاری ٹیوٹر پر ہریکا کی نامزدگی سے متعلق تفصیلات برقرار ہے۔ واضح رہے کہ حیدرآباد ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا تلنگانہ ٹورازم کی برانڈ ایمبیسڈر ہیں، ان کی جگہ ہریکا کو برانڈ ایمبیسڈر بنایا گیا۔ فی الحال ان کا نام ویب سائٹ سے نکال دینے پر ہلچل پیدا ہوگئی۔ ہریکا کو برانڈ ایمبیسڈر بنانے سوشل میڈیا میں اس کی زبردست مخالفت کی گئی۔ عوام نے انھیں برانڈ ایمبیسڈر بنانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوالات کی بوچھار کردی تھی۔ یو ٹیوب اسٹار ہونا بگ باس میں شامل ہونا اس کی اہلیت ہے کیا اس طرح حکومت سے سوالات کئے گئے۔ ایوریسٹ کی چوٹی سر کرنے والی ملاوت پورنا، مس انڈیا کے لئے منتخب ہونے والی وارانسی منایا کے علاوہ دوسروں کو نامزد کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔