تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے 6 ارکان کے تقرر کو ہائی کورٹ میں چیلنج، حکومت کو نوٹس

   

حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ ستیش چندر شرما اور جسٹس راج شیکھر ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن میں ارکان کے تقرر کے خلاف داخل کردہ مفاد عامہ کی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حکومت کو نوٹس جاری کی ہے۔ عدالت نے پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی، پرنسپل سکریٹری لاء ڈپارٹمنٹ، سکریٹری پبلک سرویس کمیشن اور کمیشن کے 6 ارکان کو ہدایت دی کہ 29 نومبر تک اپنا حلفنامہ داخل کریں۔ پروفیسر اے ونائیک ریڈی نے کمیشن کے ارکان کے طور پر رماوت دھن سنگھ، پروفیسر بنڈی لنگا ریڈی، سمترا آنند تنوبا ، کے رویندر ریڈی، ڈاکٹر اے چندر شیکھر اور آر ست نارائنا کے تقرر کو چیلنج کیا ۔ حکومت نے جاریہ سال 19 مئی کو جی او ایم ایس 108 کے تحت یہ تقررات کئے تھے۔ درخواست گذار نے کہا کہ یہ تقررات پبلک سرویس کمیشن کے قواعد 32a اور32b کے خلاف ہیں۔ سینئر کونسل ایس ستیم ریڈی نے درخواست گذار کی جانب سے بحث کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ 6 ارکان میں درکار اہلیت نہیں ہے جو پبلک سرویس کمیشن کے رکن کیلئے ضروری ہے۔ درخواست گذار نے بتایا کہ بعض ایسے افراد جو خانگی انجینئرنگ کالجس میں کام کرتے ہیں اور ایک سیکنڈری گریڈ ٹیچر کو بھی بحیثیت رکن نامزد کیا گیا ہے۔ر