تلنگانہ پردیش کانگریس صدر کی تبدیلی کا امکان نہیں: آر سی کنتیا

   

بلدی انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرے کی مساعی، سینئر قائدین کی دہلی میں موجودگی سے قیاس آرائیاں

حیدرآباد۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے واضح کردیا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آر سی کنتیا نے کہا کہ تلنگانہ قائدین کے ساتھ ملاقات میں پردیش کانگریس کے صدر کی تبدیلی کا مسئلہ زیر بحث نہیں آیا۔ مجوزہ بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ تمام قائدین نے بلدی انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرے کے لیے متحدہ طور پر کام کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ کنتیا کے مطابق جاریہ ماہ کے دوسرے ہفتے میں پارٹی کی رکنیت سازی کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کا موقف مستحکم ہے اور بنیادی سطح پر کارکن پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کارکنوں نے جو محنت کی ہے اسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ آر سی کنتیا نے بی جے پی اور ٹی آر ایس کے دعوئوں کو مسترد کردیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا موقف کمزور ہوچکا ہے۔ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آر سی کنتیا نے آبپاشی پراجیکٹس اور برقی خریداری میں بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کا الزام عائد کیا اور کہا کہ آبپاشی اور برقی محکمہ جات کے اسکیام کی جانچ کے لیے علیحدہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ انہوں نے کے سی آر حکومت کی دھاندلیوں پر سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اسی دوران کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بھٹی وکرامارکا نے نئی دہلی میں کہا کہ برقی شعبہ میں دھاندلیوں اور آبپاشی شعبہ میں کمیشن کے حصول کے خلاف مرکزی وزارت داخلہ سے نمائندگی کی جائے گی اور تحقیقات کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ بلدی انتخابات اور پارٹی کی رکنیت سازی جیسے امور پر ہائی کمان کے قائدین سے بات چیت کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کردیا کہ وہ پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت کے لیے دوڑ میں نہیں ہیں۔ اسی دوران کانگریس سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین نئی دہلی میں قیام پذیر ہیں کیوں کہ پارٹی حلقوں میں یہ اطلاعات گشت کررہی تھیں کہ ہائی کمان نے نئے صدر کے انتخاب کا فیصلہ کیا ہے۔