کانگریس کے سینئر قائد محمد علی شبیر کو اہم عہدہ ملنے کا امکان
حیدرآباد : تلنگانہ پردیش کانگریس پارٹی کے تنظیمی جدید میں کانگریس پارٹی کے سینئر قائد سابق وزیر محمد علی شبیر کو ورکنگ پریسیڈنٹ بنانے کا قوی امکان ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو مضبوط و طاقتور بنانے کیلئے پارٹی ہائی کمان سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ اتم کمار ریڈی کی جانب سے پردیش کانگریس کی صدارت سے مستعفی ہوجانے کے بعد تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج مانکیم ٹیگور نے حیدرآباد میں چار دن تک قیام کرتے ہوئے پارٹی کے تمام اہم قائدین سے مشاورت کی اور اپنی رپورٹ پارٹی ہائی کمان کو پیش کردی جس کے بعد کانگریس کی تمام سرگرمیاں دہلی پہنچ گئی۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس پارٹی تلنگانہ پردیش کانگریس کی تنظیم جدید کیلئے ایک نتیجہ پر پہنچ چکی ہے جس میں محمد علی شبیر کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹ نامزد کرنے کا تقریباً فیصلہ کرلیا ہے۔ یوتھ کانگریس سے سیاسی کیریئرکا آغاز کرنے والے محمد علی شبیر رفتہ رفتہ ترقی کی ہے۔ انہیں کم عمر میں رکن اسمبلی منتخب ہونے اور کابینہ میں شامل ہونے کا اعزاز ہے۔ وجئے بھاسکر ریڈی کی کابینہ میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والے محمد علی شبیر نے اقلیتی بہبود کا علحدہ محکمہ قائم کیا۔ اس کے بعد وہ راج شیکھر ریڈی کی کابینہ میں وزیر برقی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 2009ء کے انتخابات میں شکست کے بعد چیف منسٹر روشیا کی خواہش پر وہ اسمبلی حلقہ یلاریڈی سے بھی اپنی قسمت آزماچکے ہیں۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد وہ 2014ء اور 2018ء کے عام انتخابات میں اسمبلی حلقہ کاماریڈی سے معمولی ووٹوں سے شکست سے دوچار ہوئے اس کے بعد کونسل کیلئے منتخب ہونے والے محمد علی شبیر نے کونسل میں قائد اپوزیشن کی بھی حیثیت سے اہم رول ادا کرچکے ہیں۔ ریاست کے اہم کانگریس قائدین میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ وہ کانگریس پارٹی میں متحدہ ضلع نظام آباد کے صدر کے علاوہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کوآرڈینیشن کمیٹی میں تین میعاد سے نمائندگی کررہے ہیں۔ دہلی میں کانگریس کے سینئر قائدین سے ان کے بہتر تعلقات ہیں۔