اندرون 15 یوم تین مرتبہ بانڈس ہراج ، 4 ہزار کروڑ روپئے کے قرض کا حصول
حیدرآباد :۔ ریاست کے قرض میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔ اندرون 15 دن تلنگانہ حکومت نے 4 ہزار کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا ہے ۔ کورونا اور لاک ڈاؤن کے بعد ریاست کی معیشت پر اس کا بہت بڑا اثر پڑا ہے ۔ حکومت کی آمدنی توقع کے مطابق نہیں ہے ۔ گذشتہ تین ماہ سے غیر زرعی رجسٹریشن کی سرگرمیاں بند ہونے کی وجہ سے حکومت کی تقریبا 1200 کروڑ روپئے کی آمدنی متاثر ہوگئی ہے ۔ دوسری ان لاک میں ایک کے بعد دیگر سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں ۔ مگر ٹیکس اور دیگر امور سے حکومت کو توقع کے مطابق آمدنی نہیں ہوئی ۔ مرکزی حکومت سے بھی توقع کے مطابق فنڈز اور بقایا جات کی عدم اجرائی سے حکومت کو قرض پر انحصار کرنا پڑرہا ہے ۔ حکومت نے آئندہ ماہ سے ریتو بندھو اسکیم پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کے لیے 7300 کروڑ روپئے درکار ہیں ۔ ریاستی حکومت نے 15 دسمبر کو بانڈس ہراج کرتے ہوئے مزید 2 ہزار کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا ہے ۔ حکومت نے پہلی مرتبہ قرض حاصل نہیں کیا بلکہ اندرون 15 یوم تیسری مرتبہ قرض حاصل کیا ہے ۔ یکم دسمبر کو 1000 کروڑ 8 دسمبر کو بھی 1000 کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا ہے ۔ 30 سال کے دوران 6.67 فیصد سود ادا کرنے کا معاہدہ کرتے ہوئے حکومت نے یہ قرض حاصل کیا ہے ۔۔
