حیدرآباد 9 اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ پولیس ڈپارٹمنٹ پھر مشکل سے دوچار ہوگیا ہے کیوں کہ پولیس ملازمین اور عہدیدار پھر کوویڈ سے متاثر ہورہے ہیں۔ سرکاری ریکارڈس کے مطابق حال میں کوئی 11 پولیس عہدیدار اور 100 سے زیادہ پولیس ملازمین کوویڈ وائرس کے انفیکشن کا شکار ہوئے ہیں۔ تاہم مزید کئی کوویڈ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل ہی میں 30 پولیس ملازمین کا کوویڈ کے لئے علاج ہورہا ہے۔ پانچ ایس آئی بشمول دو خاتون سب انسپکٹرس گاندھی ہاسپٹل میں کوویڈ کے لئے زیرعلاج ہیں۔ ہر روز 40 سے زیادہ پولیس ملازمین ٹسٹس کے لئے پہنچ رہے ہیں۔ ایک ہوم گارڈ سدھاکر ریڈی کی جمعہ کو موت واقع ہوگئی۔ حالانکہ اس نے ویکسین کے دو ڈوز لئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ویکسین کے دو خوراک لینے والے کئی پولیس ملازمین بھی کوویڈ سے متاثر ہوئے ہیں۔ چونکہ پولیس ملازمین فرنٹ لائن واریئرس ہوتے ہیں اس لئے انھیں ویکسینیشن میں ترجیح حاصل ہوئی ہے اور اعلیٰ عہدیداروں نے اس کی مؤثر انداز میں نگرانی کی تاکہ ہر پولیس ملازم ویکسین کے دو خوراک لے۔