تلنگانہ پولیس ملک بھر میں سر فہرست ‘ عوام دوست رویہ

   

رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ میں 3 نئی عمارتوں ۔ وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) وزیرداخلہ جناب محمد محمود علی نے آج کہاکہ تلنگانہ پولیس ملک بھر میں سرفہرست ہے اور یہاں کے پولیس اسٹیشنس دیگر ریاستوں کیلئے رول ماڈل ہیں۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ میں 3 نئی عمارتوں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے محکمہ پولیس کو اوّلین ترجیح دی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ متحدہ آندھراپردیش میں کئی مرتبہ کرفیو اور ناخوشگوار واقعات ہوا کرتے تھے لیکن تلنگانہ کے قیام کے بعد جرائم کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس کو عصری بنانے چیف منسٹر کی جانب سے کئی اقدامات کئے گئے ہیں جن میں 700 کروڑ روپئے کی انووا پٹرولنگ کاریں شامل ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نئی ریاست کی تشکیل کے بعد سے پولیس نے عوام دوست رویہ اختیار کیا ہے جس کے نتیجہ میں عوام اب پولیس کو دوست کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ تلنگانہ پولیس میں جملہ 16000 ہزار کاریں ہیں اور ہر علاقہ میں پولیس گشت کی جارہی ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ شہر میں ملک میں سب سے بڑا پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جارہا ہے جو ملک میں نمایاں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ قائم ہونے کے بعد چیف منسٹر نے پہلے مرحلہ میں 10,500 ملازمین پولیس اور دوسرے مرحلہ میں 18 ہزار سے زائد پولیس ملازمین بشمول سب انسپکٹران، کانسٹبلس بھی شامل ہیں اور اِن میں 40 فیصد خواتین کو ترجیح دی گئی ہے، کے تقررات کئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد میں 3 لاکھ سے زائد اور رچہ کنڈہ میں 80 ہزار سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی جسکے نتیجہ میں جرائم پر بروقت قابو پانے میں مدد مل رہی ہے اور ملزمین کی شناخت میں آسانی ہوگئی ہے۔ میڈی پلی پولیس اسٹیشن، سنٹرل کرائم اسٹیشن ایل بی نگر اور موٹر ٹرانسپورٹ آرگنائزیشن واقع عنبرپیٹ کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر وزیرداخلہ محمود علی نے کہاکہ مذکورہ عمارتوں کی تعمیر پر 7 کروڑ روپئے لاگت آئی ہے۔ اِس موقع پر وزیر لیبر مسٹر سی ایچ ملا ریڈی، تلنگانہ اسٹیٹ ہاؤزنگ کارپوریشن کے چیرمین کے دامودھر، ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہندر ریڈی، پولیس کمشنر رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھاگوت، پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن انسپکٹر جنرل بی ملا ریڈی اور دیگر موجود تھے۔