حیدرآباد ۔ /23 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ پولیس ڈپارٹمنٹ میں ریاست میں ہرایک لاکھ آبادی کیلئے 233.3 پولیس ملازمین ہیں جبکہ منظورہ تعداد 428.71 ہے ۔ بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (بی پی آر اینڈ ڈی )کی جانب سے جاری ڈیٹا آن پولیس آرگنائزیشنس (ڈی او پی او) میں یہ بات بتائی گئی ۔ تلنگانہ کی 3,50,03,674 آبادی کیلئے مجموعی طورپر 53,115 پولیس ملازمین اور عہدیدار ہیں یہ ڈیٹا یکم جنوری 2019 ء کا ہے ۔ ہر 100 مربع کلو میٹر کیلئے 72.93 پولیس پرسنل ہیں ۔ ہر ملازم کو 1.37 مربع کلو میٹر کی ذمہ داری ہے ۔ ڈی او پی او ڈیٹا کے مطابق اسٹیٹ پولیس فورس بشمول سیول ، ڈسٹرکٹ آرمڈ ریزرو (ڈی اے اے ) اور آرمڈ ونگس کیلئے جملہ 81647 پرسنل کی منظوری ہے لیکن 53,115 پرسنل کی حقیقی تعداد کے ساتھ ریاست میں پولیس فورس میں 35 فیصد اسٹاف کی کمی ہے ۔ تاہم ٹاپ سطح پر جائیدادوں کی تعداد منظورہ تعداد سے زیادہ ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل رینک کے دو عہدیداروں کی منظورہ تعداد کے مقابل تلنگانہ میں چھ عہدے ہیں جو مختلف ونگس کے صدر ہیں ۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل کے چھ پوسٹس منظورہ ہیں جبکہ ریاست میں اس رینک کے 12 عہدیدار ہیں ۔ نیز انسپکٹر جنرل کے منظورہ 16 پوسٹس کے مقابل ریاست میں 27 پوسٹس ہیں ۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) کے پوسٹ سے نیچے تک پولیس فورس میں ہر سطح پر کمی ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے منظورہ 83 پوسٹس کیلئے ریاست میں صرف 66 آفیسرس ہیں ۔ منظور 92 کے مقابل 86 ایڈیشنل ایس پی ہیں ۔ 312 پوسٹس کیلئے 305 اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس ہیں ۔ منظورہ 934 کے مقابل 923 انسپکٹرس ہیں ۔ ریاست میں کانسٹبلس ، ہیڈ کانسٹبلس اس کے بعد سب انسپکٹرس اوراسسٹنٹ سب انسپکٹرس کی بھی قلت ہے ۔