تلنگانہ پولیس ٹریننگ کالج میں چائنیز ایپس اور اشیاء پر پابندی۔ ٹک ٹاک ایپ استعمال نہ کرنے مرکزی وزیر کی اپیل

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ): ریاست کے کریم نگر ٹاؤن کے پولیس ٹریننگ کالج میں ایک بیانر آویزاں کیاگیا ہے جس میں واضح طورپر لکھا ہوا ہے کہ ”اس کالج میں چین کے موبائل ایپس اور اشیاء ممنوع ہے۔“کالج پرنسپل کے مشورے پر یہاں تربیت حاصل کررہے پولیس اہل کارو ں نے اپنے موبائل فون سے چین کے ایپس حذف کردئے ہیں اور چینی اشیاء کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے دنوں لداخ میں چینی فوج نے 20 ہندوستانی فوجیوں کو شہید کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق 800 تربیت حاصل کررہے پولیس اہل کاروں اور 150 افراد پر مشتمل اسٹاف نے اپنے موبائیل فون سے چین کے ایپس حذف کردئے ہیں اور چینی اشیاء کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔

پولیس ٹریننگ کالج انچارج پرنسپل جی چندر موہن نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایسی کوئی ہدایت ہمیں موصول نہیں ہوئی، ہم نے صرف انہیں چین کے موبائل ایپس اور چینی اشیاء کا بائیکاٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے جسے یہاں کے افرادنے اس مشورہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے موبائل فون سے چین کے ایپس او رچینی اشیاء کا بائیکاٹ کرنے لگے ہیں۔مرکزی وزیر رام داس اتھاوال نے ہندوستانی عوام کو مشورہ دیا کہ چینی معیشت کو خراب کرنے کیلئے ٹک ٹاک ایپ استعمال کرنا بند کردیں۔انہوں نے کہا کہ 15کروڑ ہندوستانی ٹک ٹاک ایپ استعمال کرتے ہیں جس سے چین کو کروڑہا روپیوں کا نفع ہوتا ہے۔ میں تمام ہندوستانیوں سے درد مندانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ ٹک ٹاک کا بائیکاٹ کریں۔