شی ٹیمس کے قیام کے مثبت نتائج، آصف نگر پولیس ا سٹیشن عمارت کا افتتاح۔ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد : ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ پولیس اپنی فرض شناسی اور فرینڈلی پولیسنگ کیلئے ملک بھر میں شہرت رکھتی ہے۔ عوام کے مسائل حل کرنے اور ان سے بہتر تعلقات پیدا کرتے ہوئے اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ آصف نگر پولیس اسٹیشن کی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر سنیما آٹوگرافی ٹی سرینواس یادو ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی، مقامی رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، پولیس کمشنر انجن کمار ایم ایل سی، ایم ایس پربھاکر تلنگانہ اسٹیٹ ہاؤزنگ کارپوریشن کے صدرنشین دامودھر کے علاوہ دوسرے پولیس عہدیدار موجود تھے۔ وزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل عوام میں پولیس کے تعلق سے ایک قسم کا ڈر تھا جس کی وجہ سے عوام بلاخوف پولیس اسٹیشن کو نہیں جایا کرتے تھے بلکہ جب کبھی پولیس اسٹیشن کو جانا ہوتا تو اپنے مقامی قائد یا وکیل کے ساتھ پولیس اسٹیشن جایا کرتے تھے۔ اس کے مقابل میں تلنگانہ کے قیام کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ پولیس کو خاص اہمیت دی ہے اور بڑے پیمانے پر اصلاحات کئے ہیں۔ ساتھ ہی محکمہ پولیس کو 700 کروڑ روپئے کا بھاری بجٹ مختص کیا ہے، جس کی وجہ سے محکمہ پولیس عصری تقاضوں کا بھرپور استعمال کررہا ہے۔ مختلف اقسام کی گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بعد محکمہ پولیس کی کارکردگی قابل ستائش ہوگئی ہے۔ سی سی کیمروں کی تنصیب میں ریاست تلنگانہ کو ملک بھر میں سرفہرست مقام حاصل ہے۔ 70 فیصد کیمرے صرف تلنگانہ میں نصب کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ میں خواتین کی سیفٹی اور سیکوریٹی کو اہمیت دیتے ہوئے شی ٹیمس قائم کی گئی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ میں لا اینڈ آرڈر پوری طرح کنٹرول میں ہے۔ فسادات اور نکسلائیٹس سرگرمیوں کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے آصف نگر پولیس اسٹیشن کی جدید ورکشاپ عمارت کی تعمیر پر ڈی جی پی، کمشنر پولیس اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔