تلنگانہ چھوٹی ریاست ، آمدنی زیادہ ترقی میں آگے

   

محبوب نگر کے مضافات میں ریلوے برج کا افتتاح ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر /21 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ترقی کیلئے سب کا تعاون ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے آج صبح محبوب نگر کے مضافات میں واقع اپنا پلی کے دوسرے ریلوے اوور برج کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ برج صرف 12 ماہ میں 30 کروڑ کے صرفہ سے مکمل کرلیا گیا ہے ۔ برج کی تعمیر میں متاثر افراد کو اراضیات کا معاوضہ ادا کرکے ہی برج تعمیر کیا گیا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ تلنگانہ چھوٹی سی ریاست ہے لیکن مرکز کو سالانہ 46 ہزار کروڑ روپئے ادا کر رہی ہے ۔ جس میں سے صرف 20 تا 26 ہزار کروڑ ریاست کو واپس ہوتے ہیں ۔ ریاست چھوٹی ہونے کے باوجود ہم نے آمدنی کے ذرائع میں اضافہ کیا اور کئی ایک اسکیمات پر عمل آوری ہو رہی ہے ۔ انہوں نے اپنے دور کے ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کیا ۔ سڑکوں کی توسیع بڑے خوبصورت جنکشن ، سیاحتی مراکز جیسے منی ٹینک بنڈ ، شلپا رامم اور ملک کا سب سے بڑا ایکوپارک ہمارے پاس قائم کیا گیا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عنقریب 500 ڈرون کیمروں سے لیزر سسٹم قائم کیا جائے گا ۔ لندن کے جوائنٹ ویل کی طرز پر یہاں بھی تعمیر کیا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے یہاں سے اولمپک رن کو روانہ کیا جس میں 2000 طلباء شریک تھے جو اپناپلی برج تا بائی پاس تک منظم کی گئی تھی ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر روی نائیک ، ایس پی کے نرسمہا ، لائبریز چیرمین راجیشور گوڑ ، موڈا چیرمین گنجی وینکنا ، میونسپل چیرمین نرسمہلو ، ریتو بندھو سمیتی کوآرڈینیٹر گوپال یادو ، انڈین ریڈ کراس چیرمین لائن نٹراج عہدیداران ، عوامی نمائندے و دیگر موجود تھے ۔