مفت معائنوں میں اضافہ ۔ حکومت ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے تیار ۔ ہریش راؤ
حیدرآباد یکم جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ڈائیگناسٹک میں اب 57 کی جگہ 134 طبی معائنے مفت کئے جائیں گے۔ حکومت کی ٹی۔ ڈائیگناسٹک معائنوں کی فہرست میں مزید معائنوں کے اقدامات کئے جاچکے ہیں اور وزیر صحت ہریش راؤ نے کونڈاپور دواخانہ میں اس اسکیم کا افتتاح کیا اور کہا کہ ملک کی کسی ریاست میں مفت معائنوں کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ غریب شہریوں کو مفت معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت نے پرائمری ہیلت مراکز میں معائنہ جات کا آغاز کیا تھا اور ابتداء میں 57 معائنوں کی سہولت تھی اور اب اس میں اضافہ ہواہے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں اس سہولت کا آغاز کیا گیا جہاں 500 روپئے سے 10ہزار روپئے مالیت کے معائنے مفت ہورہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ 2018 سے ریاست کے تمام پرائمری ہیلت مراکز پر یہ معائنے کئے جا رہے تھے جن میں ای سی جی‘ ایکس ۔رے‘ 2Dایکو‘ یو سی جی ‘ اور دیگر شامل ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ چیف منسٹر کی دوراندیش قیادت کے نتیجہ میں ریاست میں طبی سہولتوں کو بہتر بنایا جاسکا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ مفت معائنوں کی سہولت کے آغاز سے اب تک زائد از 10کروڑ معائنے کئے جاچکے ہیں اور 57 لاکھ 68 ہزار مریض استفادہ کرچکے ہیں۔ وزیر صحت کے مطابق پیتھالیوجیکل لیاب کے علاوہ ریڈیالوجی لیاب کیلئے کروڑہا روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں تاکہ غریب شہریوں کو ان کے قریبی طبی مرکز پر مفت معائنوں کی سہولت ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں سرکاری دواخانوں میں زچگی کے فروغ کے اقدامات کئے گئے جس سے زائد از70 فیصدڈیلیوری سرکاری دواخانوں میں کی جا رہی ہیں اور شہریوں کے سرکاری طبی سہولتوں سے استفادہ میں اضافہ ہوا ہے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ ایک پیتھالوجی اور ریڈیالوجی لیاب کیلئے حکومت سے 4.39کروڑ خرچ کئے گئے ہیں جبکہ 1.70 کروڑ کی لاگت سے اضافی معائنوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ 134 معائنوں کیلئے ایک مرکز کی تیاری پر حکومت کو 6کروڑ 9لاکھ کی لاگت آرہی ہے اور سالانہ اخراجات جو 2کروڑ 40 لاکھ ہو رہے تھے اس میں 60 لاکھ کا اضافہ کرکے سالانہ 3کروڑ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ حکومت اپنے شہریوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔م